آپس میں لڑیں گے تو کورونا جیت جائے گا:اروند کجریوال

0

نئی دہلی( ایجنسیاں) : دہلی کے وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کجریوال نے ملک کے اسپتالوں میں آکسیجن بحران سے متعلق حالیہ رپورٹ پرپھرسے ردعمل ظاہر کیا ہے اور کورونا وائرس کے انفیکشن کی دوسری لہر کے دوران مرکز سے آکسیجن کی مانگ سے متعلق آئی حالیہ رپورٹ پر طنز کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر آکسیجن پرجھگڑا ختم ہو گیا ہو تو تھوڑا کام کرلیں؟ کجریوال نے ٹویٹ کیا کہ آکسیجن پرآپ کا جھگڑا ختم ہو گیا ، تو تھوڑا کام کرلیں؟ آئیے مل کر ایسا نظام بناتے ہیں کہ تیسری لہر میں کسی کوآکسیجن کی کمی نہ ہو۔ لوگوں کو دوسری لہر میں آکسیجن کی شدید کمی ہوئی۔ تیسری لہر میں ایسا نہ ہو۔ ہم آپس میں لڑیں گے تو کورونا جیت جائے گا۔ مل کر لڑیں گے تو ملک جیتے گا۔ دراصل ، سپریم کورٹ کی ایک ذیلی کمیٹی کی عبوری رپورٹ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ کجریوال حکومت نے مرکزی حکومت سے دہلی کے اسپتالوں کی ضرورت سے چار گنا زیادہ آکسیجن طلب کیا ۔ کمیٹی کی عبوری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیڈکی گنجائش پر مبنی فارمولے کے مطابق ، دہلی کو 289 میٹرک ٹن آکسیجن کی ضرورت تھی ، لیکن دہلی حکومت نے 1,140 میٹرک ٹن آکسیجن کی کھپت کا دعوی کیا تھا ، جو ضرورت سے چار گنا زیادہ ہے۔ اس رپورٹ کے بعد سیاست شروع ہوگئی۔ادھرایمس کے سربراہ رندیپ گلیریا نے آج اس تنازعہ کو ختم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ ابھی حتمی رپورٹ آنا باقی ہے۔آڈٹ کمیٹی کی سربراہی کرنے والے ڈاکٹر گلیریا نے کہا کہ دہلی آکسیجن آڈٹ رپورٹ ایک عبوری رپورٹ ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ ہم ایسا کہہ سکتے ہیں کہ آکسیجن کی مانگ کو 4گنا بڑھاچڑھاکر بتایا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں ہے۔ ہمیں انتظار کرنا ہوگا اور دیکھناہوگا کہ عدالت عظمی اس کے بارے میں کیا کہتی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS