کورونا پابندیوں کا31مارچ سے خاتمہ

0

نئی دہلی:کورونا وائرس انفیکشن کے مسلسل کم ہوتے معاملوں کے مدنظر مرکزی وزارت داخلہ نے تقریباً 2سال بعد 31 مارچ سے کووڈ 19- سے متعلق تمام پابندیوں کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حالانکہ ماسک لگانے اور سماجی دوری بنائے رکھنے کے ضوابط نافذ رہیں گے۔ مرکزی سرکار نے 24مارچ 2020 کو پہلی بار ملک میں کورونا وائرس کا انفیکشن پھیلنے سے روکنے کیلئے آفات مینجمنٹ ایکٹ (ڈی ایم ایکٹ)2005 کے تحت کئی رہنما ہدایات جاری کی تھیں اور صورتحال کے مطابق وقت وقت پر ان میں تبدیلیاں بھی کیں۔مرکزی داخلہ سکریٹری اجے بھلا نے تمام ریاستوں کے چیف سکریٹریز کو ارسال کردہ خط میں کہاکہ گزشتہ 24مہینوں میں عالمی وبا کے مینجمنٹ کے مختلف پہلوؤں جیسے بیماری کا پتہ لگانے، نگرانی، انفیکشن کے رابطہ میں آنے والے لوگوں کا پتہ لگانے، علاج، ٹیکہ کاری، اسپتال کے بنیادی ڈھانچے کے فروغ وغیرہ کے سلسلے میں کئی اہم اقدامات کئے گئے۔ انہوں نے کہاکہ ساتھ ہی اب عام لوگ بھی کووڈ19- سے نمٹنے کیلئے لازمی مناسب برتاؤ کو لے کر کافی بیدارہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام ریاستوں نے بھی اپنی صلاحیتوں اور نظام کو فروغ دیا ہے اور عالمی وبا کے مینجمنٹ کیلئے اپنی تفصیلی خصوصی اسکیموں کو نافذ کیا ہے۔ گزشتہ 7ہفتوں میں نئے معاملوں کی تعداد میں بھاری گراوٹ آئی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS