کابل(یو این آئی): افغانستان کی نگراں حکومت نے صوبہ ہرات میں زلزلہ سے متاثرہ خاندانوں کے لیے 387 مکانات تعمیر کیے ہیں۔ یہ اطلاع صوبائی ڈائریکٹر اطلاعات و ثقافت احمد اللہ متقی نے دی۔
طلوع نیوز نے منگل کو متقی کے حوالے سے بتایا کہ نگراں حکومت کے بجٹ سے ایک ملین ڈالر سے زیادہ کی مدد سے 13 دیہاتوں میں کل 387 گھر بنائے گئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ اکتوبر میں ہرات میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جس میں ہزاروں افراد ہلاک اور متعدد خاندان بے گھر ہوگئے تھے۔
دریں اثنا، مکانات بنانے والی تعمیراتی کمپنی کے سربراہ محمد رفیع شایان نے کہا کہ زلزلہ زدگان کے لیے بنائے گئے ہر گھر میں دو کمرے اور ایک دالان ہے۔
مزید پڑھیں: مالدیپ 2024 میں 20 لاکھ سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے پرعزم
رہائش سے فائدہ اٹھانے والے نے شکایت کی کہ ہیلتھ کلینک، اسکول، مساجد، باتھ روم اور کچن کی کمی وصول کنندگان کے لیے پریشانی کا باعث بنے گی۔ مقامی حکام کے مطابق، گزشتہ تین ماہ کے دوران ہرات میں فاؤنڈیشنز، خیراتی اداروں اور افراد کی جانب سے تباہ حال 85 دیہاتوں میں زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کے لیے تقریباً 4,000 مکانات تعمیر کیے گئے ہیں۔