دہلی میں 3سیٹوں پرکانگریس اور4 پرلڑے گی ’آپ‘

0
عام آدمی پارٹی نے لوک سبھا امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا
عام آدمی پارٹی نے لوک سبھا امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا

نئی دہلی (ایس این بی): دہلی میں ’انڈیا‘نے سیٹوں کی تقسیم کا اعلان کر دیا ہے۔ ہفتہ کوکانگریس اور ’آپ‘نے مشترکہ پریس کانفرنس کر واضح کر دیا کہ راجدھانی کی 7 لوک سبھا سیٹوں میں سے 4 پر ’آپ‘امیدوار کھڑے کرے گی، جبکہ3 سیٹوں پر کانگریس امیدوار قسمت آزمائی کریں گے۔دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب کے ڈپٹی اسپیکر ہال میں آج کانگریس کی طرف سے مکل واسنک، دیپک باوریا، اروندر سنگھ لولی اور عام آدمی پارٹی (’آپ‘) کی طرف سے سندیپ پاٹھک، آتشی اور سوربھ بھاردواج پریس کانفرنس میں تھے۔

اس دوران کانگریس لیڈر مکل واسنک نے بتایا کہ’انڈیا‘ پارٹیوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم پر تبادلہ خیال طویل مدت سے ہو رہا تھا اور اب اس سلسلے میں حتمی فیصلہ سامنے آ گیا ہے۔’آپ‘رکن پارلیمنٹ سندیپ پاٹھک نے پریس کانفرنس میں کہا کہ آج جمہوریت جس حالت سے گزر رہی ہے، اس میں انتخابات کی چوری ہو رہی ہے۔ ایسے میں آج ملک کو ایک ایماندار اور مضبوط متبادل کی ضرورت ہے۔ اتحاد میں آنے کا مقصد ملک کو بچانا ہے۔

اس انتخاب میں انڈیا اتحاد مضبوطی کے ساتھ لڑے گا اور بی جے پی کی پالیسی کو الٹ پھیر کر کے رکھ دے گا۔بہرحال’آپ‘کو دہلی میں جو4 لوک سبھا سیٹیں ملی ہیں وہ نئی دہلی، جنوبی دہلی، مغربی دہلی اور مشرقی دہلی ہیں۔ کانگریس کے حصے میں چاندنی چوک، شمال مشرقی دہلی اور شمال مغربی دہلی سیٹیں آئی ہیں۔ علاوہ ازیں گجرات میں کانگریس نے ’آپ‘ کو بھروچ اور بھاؤنگر لوک سبھا سیٹ دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ باقی 24 سیٹوں پر کانگریس اپنا امیدوار اتارے گی۔ گوا اور ہریانہ کی لوک سبھا سیٹوں سے متعلق بھی ’آپ‘ اور کانگریس کے درمیان معاہدہ طے پا یاگیا ہے۔

کروکشیتر لوک سبھا سیٹ پر ’آپ‘ اپنا امیدوار کھڑا کرے گی اور بقیہ 9 سیٹوں پر کانگریس کے امیدوار بی جے پی امیدوار کے سامنے کھڑے ہوں گے۔ گوا کی 2 لوک سبھا سیٹوں پر ’آپ‘نے اپنے امیدوار کا اعلان کر دیا تھا، لیکن دونوں ہی نام پارٹی واپس لے گی۔ ایسا اس لیے کیونکہ دونوں لوک سبھا سیٹوں پر کانگریس اپنا امیدوار کھڑا کرے گی۔

یہ پڑھیں: پاک سرحد میں گھس کر ایران کا زمینی حملہ

چنڈی گڑھ کی واحد لوک سبھا سیٹ پر بھی کانگریس اپنا امیدوار اتارے گی۔ پنجاب میں ان دونوں پارٹیوں کے درمیان اتحاد نہیں ہو سکا۔ یہاں کی سبھی 13 لوک سبھا سیٹوں پر ’آپ‘ اور کانگریس کے امیدوار ایک دوسرے کے خلاف کھڑے دکھائی دیں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS