دہلی این سی آر سمیت کئی ریاستوں میں سردی کا ستم جاری

0
دہلی اور این سی آر میں سردی کی لہر کا ستم جاری
دہلی اور این سی آر میں سردی کی لہر کا ستم جاری

نئی دہلی (یو این آئی): نئے سال کے آغاز سے ہی قومی دارالحکومت اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں سردی کی لہر جاری ہے۔ دہلی کے علاوہ پڑوسی ریاستوں پنجاب، شمالی راجستھان، ہریانہ سے لے کر اتراکھنڈ، بہار اور مغربی بنگال کے ہمالیائی علاقے گھنی دھند کی چادر میں لپٹے ہوئے ہیں۔ ملک کا تقریباً آدھا حصہ سردی کی لہر کی لپیٹ میں ہے۔
دھند کی وجہ سے دہلی سے 26 ٹرینیں تاخیر سے چل رہی ہیں۔ گھنی دھند کے درمیان حد بصارت میں کمی کی وجہ سے کئی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دارالحکومت میں آنے والے کچھ دنوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ بدھ کو کم سے کم درجہ حرارت سات ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 15 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ کی پیش گوئی کے مطابق 8 جنوری تک زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 ڈگری سیلسیس سے نیچے رہے گا۔ دارالحکومت میں کل بھی گھنی دھند کی وجہ سے تقریباً 26 ٹرینیں اپنی منزل کی طرف روانہ ہوئیں۔

مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق، دارالحکومت میں آج صبح 7 بجے ہوا کے معیار کا انڈیکس 332 ریکارڈ کیا گیا، جو انتہائی خراب زمرے میں آتا ہے۔ اس کے علاوہ آنند بہار میں 339، اشوک وہار میں 310، دوارکا میں 386، جہانگیر پوری میں 348، روہنی میں 345 اور وزیر پور میں 352 انڈیکس ریکارڈ کیا گیا۔

مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر اور ہماچل پردیش کے بیشتر علاقوں میں کم از کم درجہ حرارت پہلے ہی صفر سے نیچے ہے اور آنے والے دنوں میں مزید گر سکتا ہے۔ پنجاب اور ہریانہ کے کئی علاقوں میں پارہ منفی 10 ڈگری سے نیچے چلا گیا ہے۔

دہلی اور این سی آر کے گوتم بدھ نگر ضلع انتظامیہ نے سردی کے پیش نظر 6 جنوری تک نرسری سے آٹھویں تک کے تمام اسکولوں میں چھٹیوں کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حکم پر عمل نہ کرنے والے اسکول چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: سرکاراورٹرانسپورٹروں کے درمیان صلح، ہڑتال ختم کرنے کی اپیل

ہماچل پردیش کے میدانی علاقوں میں 6 جنوری تک گھنی دھند چھائی رہے گی۔ یہاں یلو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ریاست کے پہاڑی اضلاع شملہ، سولن، سرمور، منڈی، کلو، چمبہ اور کنور میں موسم صاف رہنے کی امید ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS