غیرمنظور شدہ کالونیوں میں کاموں کیلئے فنڈ کی کمی نہیں آنے دی جائے گی :وزیر اعلیٰ

0
ET Realty

نئی دہلی (اظہار الحسن؍ایس این بی) : وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے منگل کو دہلی سکریٹریٹ میں غیرمنظور شدہ کالونیوں میں چل رہے ترقیاتی کاموں کو لے کر سیلاب اینڈ کنٹرول محکمہ اور ڈی ایس آئی آئی ڈی سی کے ساتھ تجزیاتی میٹنگ کی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو غیرمنظور شدہ کالونیوں میں چل رہے سبھی ترقیاتی کاموں کو مقررہ وقت کے اندر ہر حال میں پورا کرنے کا حکم دیا ۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمہ غیر منظور شدہ کالونیوں میں چل رہے سبھی ترقیاتی کام کو سنجیدگی کے ساتھ کریں تاکہ وقت کے اندر ترقیاتی کام پورے کیے جاسکیں۔ کالونیوں میں چل رہے ترقیاتی کاموں کو پورا کرنے میں فنڈ کی کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی ۔ وزیر اعلیٰ نے وزیر مالیات منیش سسودیا کو فنڈ جاری کرنے کا حکم دیا جس سے کہ ترقیاتی کام میں کسی طرح کا رخنہ نہ آنے پائے۔ تجزیہ میٹنگ میں منیش سسودیا کے ساتھ وزیر سیلاب اینڈ کنٹرول محکمہ ستیندر جین اور محکموں کے سینئر افسران موجود تھے ۔تجزیہ میٹنگ میں سیلاب اینڈ کنٹرول محکمہ کے افسروں نے وزیر اعلیٰ کے سامنے تفصیلی رپورٹ پیش کی ۔
افسران نے واقف کرایا کہ محکمہ کو 47اسمبلی حلقوں میں آنے والی 784غیرمنظور شدہ کالونیوں میں ترقیاتی کام کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ان میں سے 535غیر منظور شدہ کالونیوں میں پہلے ہی کام شروع ہوچکا ہے۔ان 535کالونیوں میں 755پروجیکٹس پر کام کیا جانا ہے ،جس کے لئے انتظامی اور خرچ سے متعلق منظوری لی جاچکی ہے۔ان 755پروجیکٹس میں سے 441پروجیکٹ کے کام پورے کر لئے گئے ہیں ،جبکہ باقی میں کام تیزی سے جاری ہے ۔
ڈی ایس آئی آئی ڈی سی غیر منظور شدہ کالونیوں میں سڑک اور برسات کے پانی کی نکاسی کے لئے نالیوں کی تعمیر کرا رہا ہے۔ ڈی ایس آئی آئی سی سی کے افسروں نے وزیر اعلیٰ کو واقف کرایا کہ مارچ 2016میں دہلی سرکار کے ذریعہ ڈی ایس آئی آئی ڈی سی کو غیر منظور شدہ کالونیوں کو چھوڑ کر سبھی 1,797غیر منظور شدہ کالونیوں میں ترقیاتی کام کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی اور 114 کالونیوں میں ترقیاتی کام 2016سے2018تک پورے کئے گئے تھے، حالانکہ 2017اور 2018میں دہلی سرکار نے زیادہ تر اسمبلی حلقوں میں واقع غیر منظور شدہ کالونیوں میں ترقیاتی کام کرنے کی ذمہ داری سیلاب اینڈ کنٹرول محکمہ کو ٹرانسفر کردی ہیں ۔
سردست ڈی ایس آئی آئی ڈی سی صرف 11اسمبلی حلقوں میں ترقیاتی کام کر رہا ہے جس میں چھتر پور ،دیولی ،بجواسن، کراول نگر ،دوارکا ،پالم ،جنک پوری ،پٹ پڑ گنج ،کرشنا نگر ،روہنی، دہلی کینٹ اسمبلی حلقے شامل ہیں ۔اس کے علاو ہ کراری ،وکاس پوری ،گوکلپور اور بوانا اسمبلی حلقہ میں آنے والی کچھ کالونیوں میں ترقیاتی کام کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس طرح ڈی ایس آئی آئی ڈی سی کو 352غیر منظور شدہ کالونیوں میں ترقیاتی کام کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جس میں سے 172کالونیوں میں سڑک اور برسات کے پانی کی نکاسی کے لئے ڈرین کی تعمیر کا کام پورا کیا گیا ہے جب کہ 69کالونیوں میں کام تیز رفتار سے جاری ہے اور 111کالونیوں میں مجوزہ کام کے لئے فنڈ جاری کردیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS