دھامی نے 8وزرا کے ساتھ وزیراعلیٰ کے عہدہ کا حلف لیا

0

دہرادون (یو این آئی) : گورنر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) گرمیت سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں بدھ کے روز یہاں پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ تقریب میں وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ ان کے ساتھ8 وزراء نے بھی عہدہ اور رازداری کا حلف لیا۔پروگرام میں گورنر نے مسٹر ستپال مہاراج، مسٹر پریم چند اگروال، مسٹر گنیش جوشی، ڈاکٹر دھن سنگھ راوت، مسٹرسبودھ اونیال، محترمہ ریکھا آریہ، مسٹرچندن رام داس اور مسٹر سوربھ بہوگنا کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔مسٹر پشکر سنگھ دھامی نے بدھ کے روز پریڈ گراؤنڈ میں وزیر اعلیٰ کا حلف لینے سے پہلے سنتوں پر پھول چڑھائے اور ان کا آشیرواد لیا۔مسٹرپریم چند اگروال نے حلف برداری کی تقریب میں سنسکرت میں حلف لیا۔ تقریب میں محترمہ ریکھا آریہ روایتی کمونی لباس میں توجہ کا مرکز رہیں۔اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری، پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی، مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع و سیاحت اجے بھٹ، مرکزی وزیر مملکت برائے ثقافت میناکشی لیکھی، گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر بھائی پٹیل، آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر، ہماچل پردیش کے وزیر اعلی جے رام ٹھاکر، اتر پردیش کے نگراں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ، گوا کے نگراں وزیر اعلی پرمود ساونت، راجستھان کی سابق وزیر اعلی وسندھرا راجے ، سابق وزیر اعلی اور رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر رمیش پوکھریال نشنک، سابق وزیر اعلی اور ایم پی تیرتھ سنگھ راوت، سینئر عہدیدار اور دیگر معززین موجود تھے ۔چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس ایس سندھو نے پروگرام کی نظامت کی۔