کعبۃ اللہ کی چھت کی صفائی 20 منٹ میں مکمل مکہ المکرمہ

0

(یواین آئی،ایجنسیاں) :عازمین حج کے استقبال کے لئے حرم شریف میں خانہ کعبہ کی چھت کی صفائی کی گئی۔کعبۃ اللّٰہ کی چھت کی صفائی کے عمل میں درجنوں سعودی ماہرین اور کارکنوں نے حصہ لیا۔سعودی حکام کے مطابق خانہ کعبہ کی چھت کی صفائی میں خود کار مشینیں، سینیٹائزنگ محلول اور خوشبوؤں کا استعمال کیا گیا۔اس سال صفائی محض20 منٹ کے اندر مکمل کی گئی جو ایک ریکارڈ ہے ، اس سے قبل گزشتہ سال صفائی کا عمل40 منٹ کے اندر مکمل کیا گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ عازمین حج کیلئے تیارں لگ بھگ مکمل کرلی گئی ہیں۔اس ضمن میں مکہ مکرمہ اور دیگر مقامات مقدسہ میں موجود سرنگوں اور پْلوں کا جال ٹریفک کی آمد و رفت کے حوالے سے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اس سلسلے میں مکہ مکرمہ شہر کے سکریٹریٹ کے ترجمان رعد الشریف نے ایجنسی کو بتایا کہ مکہ مکرمہ اور دیگر مقامات مقدسہ میں 58 سرنگیں ہیں۔الشریف کے مطابق سکریٹریٹ میں متعلقہ انتظامی حکام نے ان سرنگوں کی تیاری اور ان کی گنجائش بڑھانے کا کام مکمل کر لیا ہے۔ اب یہ حجاج کرام کے استقبال کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ ان میں کنٹرول اسٹیشنز، ہوا گزارنے والے پنکھے، آگ بجھانے کے لیے اسٹیشن پمپس، بیک اَپ جنریٹرز کے علاوہ نمی ، گیس اور ویڑن کے سینسرز شامل ہیں۔ الشریف نے مزید بتایا کہ مکہ مکرمہ اور مقامات مقدسہ میں 59 پل تیار کیے گئے ہیں۔ ان میں 20 پْل منیٰ ، عرفات اور مزدلفہ میں واقع ہیں۔ ان کی لمبائی 6.6 کلو میٹر ہے۔ مکہ سیکریٹریٹ کے ترجمان نے واضح کیا کہ سرنگوں اور پلوں کے اس نیٹ ورک کی نگرانی، دیکھ بھال اور مرمت کا کام خصوصی تکنیکی ادارے کے ذمہ ہے۔ یہ ادارہ انجینئروں ، سپروائزروں اور ماہر فنی عملے پر مشتمل ہے۔ اس کا مقصد حجاج بیت اللہ کو بہترین خدمات فراہم کرنا اور تمام اوقات میں اللہ کے مہمانوں کے لیے اطمینان بخش ماحول کو یقینی بنانا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS