Image:english.jagran

کئی افراد زخمی، آرجے ڈی کے کئی لیڈروں کے خلاف ایف آئی آر
پٹنہ(ایس این بی) راجدھانی پٹنہ میں نئے پولیس قانون ، بہار میں بگڑتے نظم نسق، تعلیم اورروزگار سمیت کئی مسئلہ پر اسمبلی کا گھیرائو کرنے سڑک پر اترے آر جے ڈی کارکنان پر پولیس نے جم کر لاٹھی چارج کیا۔ مخالفت میں آر جے ڈی کارکنان نے پولیس پر پتھر برسائے ۔ اس میں دونوں طرف سے درجنوں لوگوں کو چوٹیں آئی ہیں۔ سڑک پر بھاری ہنگامہ ، پتھربازی اور لاٹھی چارج کے دوران تیجسوی یادو اور تیج پرتاپ یادو پک اپ وین پر ہیلمٹ لگاکر چل رہے تھے۔ پولیس نے تیجسوی ، تیج پرتاپ سمیت کئی کارکنان کو حراست میں لیا۔ تادم تحریر ذرائع کے مطابق تیجسوی اور تیج پرتاپ سمیت کئی آرجے ڈی لیڈروں کے خلاف ایف آئی آر درج کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے سیکڑوں کی تعداد میں پارٹی کارکنان گاندھی میدان سے اسمبلی کیلئے روانہ ہوئے ۔ انہیں روکنے کیلئے پولیس نے مناسب انتظام کئے تھے۔ سبھی کو ڈاک بنگلہ چوراہہ پر ہی روک دیا گیا تھا۔ اس دوران تیجسوی یادو سمیت پارٹی کے تمام کارکنان مظاہرے میں شامل تھے۔ حکومت کے خلاف یہ لوگ جم کر نعرے بازی کررہے تھے۔ وہیں بیریکیڈنگ توڑ کر آگے بڑھنے کی کوشش بھی کی گئی۔ آر جے ڈی کارکنان اور پولیس کی طرف سے سنگ باری میں ایک صحافی کا سر بھی پھٹ گیا۔ دکانوں اور مارکیٹ میں چھوٹے کارکنان کو تلاش کرکے پولیس نے پیٹا۔ آر جے ڈی کارکنان نے گاڑیوںمیں جم کر توڑ پھوڑ کی۔ بتایاجاتا ہے کہ آر جے ڈی ورکرس جھولے میں بھر کر پتھر اور اینٹ کے ٹکڑے لے کر آئے تھے۔ لاٹھی چارج کے بعد بھی جب کارکنان نہیں مانے تو پولیس نے گرفتاری شروع کردی۔ بس میں بھر کر کوتوالی تھانہ لے جایا گیا، جہاں تیجسوی اور تیج پرتاپ کے علاوہ 50 کارکنان نے گرفتاری دی۔ سٹی ایس پی سنٹرل ونے تیواری نے بتایا کہ کوتوالی انسپکٹر سمیت 3 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں، جن کا علاج چل رہا ہے۔ وہیں ایف آئی آر بھی درج کرلی گئی ہے۔ ایسے لوگوں کی نشاندہی کے بعد آگے کی کارروائی کی جائے گی۔اس سے قبل بھیڑ کو قابو میں کرنے کیلئے پولیس نے واٹر کینن بھی کی تھی۔ تیجسوی یادو اور تیج پرتاپ نے کہا کہ ہم نے حکومت کو آئینہ دکھایا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS