سینما گھروں کو راحت،سوئمنگ پول بھی کھلیں گے لیکن نئی گائڈ لائنس کے ساتھ

0

نئی دہلی : وزارت داخلہ نے کووڈ وبا کے خلاف پورے ملک میں چلائی جارہی مہم کے تحت نگرانی رکھنے ، کنٹرول اوراحتیاط سے متعلق رہنماہدایات آج جاری کردیں، جن کے تحت کنٹینمنٹ زون کے باہر احتیاطی اقدامات کے ساتھ اب تمام سرگرمیوں کی اجازت دے دی گئی ہے اور ریاستی حکومتوں کو پہلے کی طرح معیاری آپریٹنگ طریقہ کار اور کنٹرول کے اقدامات پر عمل درامد کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔وزارت داخلہ کی طرف سے بدھ کو جاری رہنما ہدایات یکم فروری سے نافذ ہوں گی۔ ان میں موٹے طورپر پہلے سے نافذ اقدامات میں زیادہ تبدیلی نہیں کی گئی ہے، حالانکہ اب سنیما ہال مکمل طورپر کھل جائیں گے، جبکہ پہلے انہیں ناظرین کی نصف تعداد کے ساتھ چلانے کی اجازت دی گئی تھی۔ سوئمنگ پول بھی اب پوری طرح کھولنے کے احکامات دیے گئے ہیں، جبکہ پہلے یہ صرف کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے کھولے گئے تھے۔ بین الاقوامی فضائی سفر معمول پر لانے کے سلسلہ میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔رہنما ہدایات میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ کووڈ وبا پر کنٹرول میں ملک نے گزشتہ4 مہینوں کے دوران اب تک جو کامیابی حاصل کی ہے، اسے برقرار رکھا جائے اور کسی طرح کی نرمی نہ برتی جائے۔ ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ملک میں کووڈ سے متعلق قومی پروٹوکول کو سختی کے ساتھ نافذ کریں اور ماسک لگانے، ہاتھ دھونے اور سماجی دور ی قائم رکھے جانے پر پورا زور دیا جانا چاہئے ۔نئی رہنما ہدایات میں کنٹیمنٹ زون کے باہر معیاری طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے تمام سرگرمیوں کی اجازت دے دی گئی ہے۔ سماجی، مذہبی، کھیل، تفریح، تعلیمی اور ثقافتی پروگراموں میں ہال کی نصف گنجائش یا زیادہ سے زیادہ 200لوگوں کے جمع ہونے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ سنیما ہال میں اب پوری گنجائش کے مطابق ناظرین کو اجازت ہوگی، لیکن احتیاطی اقدامات پر عمل ضروری ہوگا۔ ایسے ہی سوئمنگ پول میں بھی ضروری احتیاط کے ساتھ تمام جاسکیں گے ۔ ان دونوں معاملہ میں الگ سے معیاری طریقہ کار جاری کیاجائے گا۔بین الاقوامی فضائی سفر کے مکمل طورپر معمول پر لانے کیلئے شہری ہوابازی کی وزارت، وزارت داخلہ کے ساتھ صلاح کی بنیاد پر صورتحال کے مطابق فیصلہ کرے گی، جن سرگرمیوں کیلئے پہلے سے معیاری طریقہ کار نافذ ہے، وہ اسی طرح جاری رہے گا۔آروگیہ سیتو ایپ کے استعمال کو فروغ دینے پر زور دیا جائے گا اور پہلے سے نافذ تمام احتیاطی اقدامات پر عمل جاری رہے گا۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS