جن بچوں نے غلط راستہ اختیار کیا ہے اگر وہ واپس آئیں گے تو ان کی ہرممکن مدد کی جائے گی

    0

    سری نگر: جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے جنگجویت کا راستہ اختیار کرنے والے مقامی نوجوانوں سے قومی دھارے میں واپس لوٹنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے جن بچوں نے غلط راستہ اختیار کیا ہے اگر وہ واپس آئیں گے تو انہیں کسی طرح کا کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان بچوں کی ہر طریقے سے مدد کی جائے گی۔
    موصوف پولیس سربراہ نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کی صبح سری نگر کے مضافاتی علاقہ زیون میں'راشٹریہ ایکتا دیوس'کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب کے حاشیے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔
    بتادیں کہ ملک کے پہلے نائب وزیر اعظم سردار ولبھ بھائی پٹیل کے جنم دن کو گذشتہ چھ برسوں سے'راشٹریہ ایکتا دیوس'کے بطور منایا جاتا ہے۔
    پولیس سربراہ نے تصادم آرائیوں کے دوران چند جنگجوؤں کی طرف سے سرنڈر کرنے کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں کہا:'گذشتہ دو چار تصادم آرائیوں کے دوران سیکورٹی فورسز کی طرف سے سرنڈر کرنے کی اپیلوں کو جنگجوؤں نے تسلیم کیا یہ ایک اچھی بات ہے'۔
    ان کا کہنا تھا: 'ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے جو غلط راستے پر چل پڑے ہیں وہ واپس لوٹیں، ابھی بھی وقت ہے کسی طرح سے ان کا کوئی نقصان نہیں ہوگا، ان کی ہر طرح سے مدد کی جائے گی'۔
    کولگام میں بی جے پی کے تین کارکنوں کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کے بارے میں پوچھے جانے پر سنگھ نے کہا:'کولگام تحقیقات صحیح سمت میں چل رہی ہیں،جن جنگجوؤں نے یہ کارروائی انجام دی تھی ان کی پہچان ہوئی ہے'۔
    'راشٹریہ ایکتا دیوس'کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دیوس ملک بھر میں ملک کے پہلے نائب وزیر اعظم سردار ولبھ بھائی پٹیل کے جنم دن پر منایا جاتا ہے جن کا ملک کی بکھری ہوئی ریاستوں کو جوڑنے اور ملک کی تحریک آزادی میں بہت بڑا رول ہے۔
    موصوف نے کہا کہ ملک کی ایکتا کو مضبوط کرنا صرف وردی پوش لوگوں کی نہیں بلکہ سماج کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS