سی بی ایس ای 10ویں اور 12ویں کے امتحانات 4مئی سے

0

نئی دہلی (اظہار الحسن/ ایس این بی):سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ (سی بی ایس ای ) نے منگل کو 10ویں اور 12ویں امتحانات کیلئے بورڈ امتحان کی ڈیٹ شیٹ جاری کردی۔ جاری ڈیٹ شیٹ کے مطابق دسویں اور بارہویں کے امتحانات 4مئی سے شروع ہوں گے۔ ڈیٹ شیٹ کے مطابق دسویں کلاس کے امتحانات 4مئی سے شروع ہوں گے اور 7 جون تک چلیں گے۔ وہیں 12ویں کے امتحانات 4مئی سے شروع ہوں گے اور 11جون تک چلیں گے۔ بورڈ نے اس بار 3 مہینے پہلے امتحانات کی ڈیٹ شیٹ جاری کی ہے، جس میں طلبا اپنے امتحانات کی تیاری کرسکیں۔
سی بی ایس ای نے اس بار امتحانات جلد ختم کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔اس کیلئے بورڈ نے اس بار2 شفٹوں میں امتحانات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔پہلی شفٹ کے امتحانات صبح 10:30 سے دوپہر 1:30 بجے تک ہوں گے اور دوسری شفٹ کے امتحانات دو پہر 2:30 سے شام 5:30 بجے تک ہوں گے۔اتنا ہی نہیں طلبا میں امتحانات کے دبائو کو کم کرنے کیلئے اہم مضامین کے امتحانات میں گیپ رکھا گیا ہے۔بورڈ نے اس بار امتحانات کے دنوں کو بھی کم کر دیا ہے۔اس سال 39 دنوں کے امتحانات ہوں گے، جبکہ گزشتہ سال 45دنوں تک امتحانات ہوئے تھے،لہٰذا اس بار گزشتہ سال سے 6 دن کم میں امتحانات ہوں گے۔بورڈ کے مطابق دسویں کے امتحانات میں اہم مضامین کے امتحانات پہلی شفٹ میں ہی منعقد کئے جائیں گے، لہٰذا دوسری شفٹ کے امتحانات میں کم سینٹر ہوں گے۔ اس بار دسویں کلاس کے کل 75 مضامین کے امتحانات ہوں گے، جبکہ بارہویں کلاسز کے 111مضامین کے امتحانات ہوں گے۔سی بی ایس ای نے امتحانات کو لے کر جاری احکامات میں کہا ہے کہ کوئی بھی پہلی شفٹ کی ڈیوٹی میں شامل ملازم دوسری شفٹ کی ڈیوٹی میں نہیں شامل کیا جائے گا۔ بورڈ ملازمین پر دبائو کم کرنے اور وبا کے پیش نظر یہ فیصلہ لیا ہے۔واضح رہے کہ عام طور پر پریکٹیکل امتحان جنوری میں ہوتے ہیں اور تحریری امتحانات فروری میں شروع ہوتے ہیں اور یہ مارچ میں ختم ہوجاتے ہیں۔حالانکہ کووڈوبا کے مد نظر اس بار امتحان تاخیر سے منعقد کرائے جا رہے ہیں ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS