زرعی قوانین معاملہ :کسانوں کی راہیں کانٹوںبھری

0

نئی دہلی: 69 دنوں سے تحریک چلارہے کسانوں کی ناراضگی کم ہونے کا نام نہیںلے رہی ہے۔ مظاہرین دہلی میں داخل نہیں ہوپائیں، اس کیلئے پولیس کئی طرح کی کوششیں کررہی ہے۔ سنگھو-ٹیکری بارڈر پر بیریکیڈنگ کی جارہی ہے۔ دہلی-ہریانہ کو جوڑنے والی سنگھو میں 4لیئر کی بیریکیڈنگ کے ساتھ سیمنٹ کے درمیان لوہے کی چھڑیں لگائی جارہی ہیں۔ اس پر دہلی پولیس کے کمشنر ایس این شریواستو سے جب سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ 26 جنوری کو کسان مظاہرین نے پولیس پر حملہ کیا تھا اور بیریکیڈس توڑے تھے، تب کسی نے کوئی سوال نہیں کیا۔ ہم نے صرف بیریکیڈنگ مضبوط کی ہے، تاکہ اسے دوبارہ توڑانہ جاسکے۔ وہیں بھارتیہ کسان یونین لیڈر راکیش ٹکیت نے کہا کہ یہ تحریک جلد ختم ہونے والی نہیں ہے۔ اکتوبر سے پہلے اس کا حل نہیں نکل سکتا۔ ہمارا نعرہ ہے ’قانون واپسی نہیں تو گھرواپسی نہیں‘۔ 
ٹیکری بارڈ ر پر 4 فٹ موٹی سیمنٹ کی دیوار بنائی گئی ہے۔ اب سڑک کھود کر اس میں نوکیلے چھڑ لگائے جارہے ہیں۔ روڈ پر روڈرولر بھی کھڑے کردیے گئے ہیں۔ ٹریکٹر پر سوار کسان اگر نوکیلے چھڑ کو پار کرکے دہلی میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں توکیلوں کی وجہ سے گاڑی پنکچر ہوجائے گی۔ وہیں کسان تنظیموں نے اعلان کیا کہ 6 فروری کو نیشنل اور اسٹیٹ ہائی ویز کو جام کیا جائے گا۔ بھارتیہ کسان مورچہ (آر) کے لیڈر بلبیر سنگھ راجے وال نے کہا کہ ہفتہ کی دوپہر 12 بجے سے 3 بجے تک نیشنل اوراسٹیٹ ہائی ویز کو جام کیا جائے گا۔ اسی دوران سنیکت کسان مورچہ نے کہا کہ جن 128 لوگوں کو دہلی پولیس نے گرفتار کیا ہے، ان کی قانونی مدد کیلئے کمیٹی تشکیل کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں دہلی بارڈر پر دیوار تعمیر کرنے اور نوکیلے چھڑ نصب کرنے پر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے حکومت پر نشانہ لگایا ہے اور سوشل میڈیا اکائونٹ پر لکھا ہے کہ ’پل بنایے ، دیواریں نہیں‘۔ وہیں ہریانہ کی کھٹر حکومت نے 7 ا ضلاع میں شام 5 بجے تک انٹرنیٹ، ایس ایم ایس اور ڈونگل سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ان سب کے درمیان منگل کو شیوسینا کے ترجمان اور راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ سنجے راوت غازی پور بارڈر پہنچے۔ یہاں انہوں نے کسان لیڈر راکیش ٹکیت سے ملاقات کی۔سنجے راوت نے کہا کہ ہم نے پہلے دن سے ہی زرعی قوانین کی مخالفت کی ہے۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ اور شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے مجھے خاص طور پر غازی پور بارڈر پر چل رہی کسان تحریک میں بھیجا ہے۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ نے کسان لیڈر راکیش ٹکیت کو میرے ذریعہ پیغام بھیجا ہے کہ شیوسینا اور مہاراشٹر حکومت پوری طرح سے کسانوں کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS