پٹنہ(ایس ایم ارشادعالم؍ایس این بی)
خواتین کی ترقی کے بغیر ملک کی ترقی ناممکن ہے، کیونکہ خواتین ملک کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔ موجودہ وقت میں مرکز اورریاست کی این ڈی اے حکومت خواتین کو با اختیار بنانے کے ساتھ ساتھ جس طرح سے ان کے مقدر کو سنوارنے میں ہر ممکن کوشش کررہی ہیںاس سے سماج میں ایک بہتر ماحول قائم ہوا ہے۔یہ باتیں نائب وزیر اعلیٰ رینو دیوی نے اردو بھون کے سمینارہال میں حلقۂ ادب بہار اور خواجہ غریب نواز ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقد تقریب سے خطاب میں کہیں۔انہوںنے کہا کہ آج جس طرح سے بچیاں تعلیم حاصل کررہی ہیںاور تمام شعبوں میں ترقی کی منازل طے کررہی ہیںاس سے یہ ملک آنے والے دنوں میںدنیا کی ترقی پذیر ممالک کو پیچھے چھوڑنے میں کامیاب ہوگا۔ مرکزاورریاست کی این ڈی اے حکومت نے سماج میں خواتین کی ترقی کیلئے جو تبدیلی رونما کی ہیںاس کی وجہ سے سماج کئی سطح پرفیضیاب ہواہے۔حکومت کی پالیسی یہی ہے کہ جہاں تک ممکن ہوسکے سماج میںخواتین کو عزت کے ساتھ ساتھ انہیں ترقی کے معاملے میںسرفہرست لایاجائے اور اس میں ہم نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔رینودیوی نے کہاکہ حلقہ ادب بہار کے زیر اہتمام جس تقریب میں مجھے شرکت کرنے کا موقع ملا ہے اس سے یقیناً میرے دل کو سکون پہنچا ہے۔کیونکہ جتنی بڑی تعداد میںخواتین یہاں تشریف لائی ہیںاس کی وجہ سے ہمارا مشن یقینا پورا ہوتا دکھائی دے رہاہے۔
اس موقع پر بہارقانون سازاسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر مہیشور ہزاری نے کہا کہ آج کی اس پروقار تقریب کی وجہ سے یقینا مجھے بھی ایک نیا حوصلہ ملا ہے۔اس میں کوئی شک نہیں کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار نے ریاست کی ترقی اور اقلیتوںکے مسائل کوحل کرنے میں جوکامیابی حاصل کی ہے وہ قابل تحسین قدم ہے۔نتیش حکومت نے اپنے دوراقتدار میں جہاں سماج کے تمام طبقوں کی ترقی کو یقینی بنایاہے وہیں برسوں سے ترقی کے معاملے میں پیچھے چل رہے اقلیتی طبقہ کے مسائل کو حل کرنے میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ آج کی اس محفل میں دانشوران، صحافی اورادبا وشعرا کے ساتھ ساتھ خواتین کی ایک بڑی تعداد دیکھی جارہی ہے۔اس کیلئے میں حلقہ ادب بہار اورخواجہ غریب نواز ویلفیئر سوسائٹی کے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کرتاہوں۔
اس موقع پر سہارا نیوز نیٹ ورک کے سی ای او اور ایڈیٹر ان چیف جناب اپیندر رائے جی نے کہا کہ ذات، پات کی سیاست ملک کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اورایسی سیاست کے خاتمہ کیلئے مسلسل تحریک جاری ہے۔مجھے یہ کہنے میں ذرا بھی ہچکاہٹ نہیں کہ موجودہ وقت میں سماج کے تمام طبقوں کی ذہنی سوچ میں تبدیلی آئی ہے اور یہ ملک بڑی تیزی کے ساتھ ترقی کی منازل طے کرنے میں کامیاب ہواہے۔خاص طور پر اس پروقار تقریب میں مجھے جو دعوت دی گئی اس کیلئے میں ادارہ کے تمام لوگوں کو مبارکباد پیش کرتاہوں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اس محفل میںموجود سامعین نے جن حوصلوں کے تحت تمام لوگوں کی ہمت افزائی کی ہے اس کی وجہ سے ایک طاقت ملی ہے۔مجھے یقین ہے کہ آنے والے دنوں میں بہار ترقی کے معاملے میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گا، کیونکہ یہاں ہر شخص کے اندر اپنی ذمہ داریوں کوایمانداری کے ساتھ نبھانے کا جنون دیکھائی دیتا ہے اوریہی جنون آگے چل کر اس کی ترقی کی ضمانت بنتا ہے۔مسٹررائے نے ایک مرتبہ پھر سامعین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری دلی تمنا یہی ہے کہ ایک مرتبہ نہیں بلکہ میں بار بار اس طرح کی تقریب میں شامل ہوتارہوں تاکہ قوم فیضیاب ہوسکے اور ملک کو ترقی کی راہ پرگامزن کرنے کا جوجذبہ ہر انسان کے اندر ہے اس میں برابر کا شریک بن سکوں۔اس موقع پر راجدھانی پٹنہ میں پہلی مرتبہ اردو کے تمام نامور صحافیوں کوایک پلیٹ فارم پر لانے میں نمایاں کامیابی ملی ہے۔ سہارانیوز نیٹ ورک کے سی ای او اور ایڈیٹر ان چیف جناب اپیندررائے جی کوان کی صحافتی خدمات کیلئے ایوارڈ سے نوازاگیا۔یہ ایوارڈ نائب وزیر اعلیٰ رینو دیوی اور اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر مہیشوری ہزاری نے اپنے ہاتھوں سے انہیں دیا۔
روزنامہ راشٹریہ سہارا کے گروپ ایڈیٹر جناب اسمٰعیل ظفرخاں کو بھی ان کی صحافتی خدمات کے لئے اعزاز سے نوازاگیا اور انہیں بھی یہ ایوارڈنائب وزیر اعلیٰ رینو دیوی اوراسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر مہیشور ہزاری کے ہاتھوں دیاگیا۔ اس موقع پرراشٹریہ سہارا ہندی کے مقامی ایڈیٹر رماکانت چندن بھی صحافتی ایوارڈ سے نوازے گئے۔ساتھ ہی قومی تنظیم کے چیف ایڈیٹر ایس ایم اشرف فرید، ایڈیٹرطارق فرید،پندار کے اے کے احسانی،فاروقی تنظیم کے محمد ظفر، روزنامہ تاثیر کے علاوہ نیوز18سے محفوظ عالم سمیت دیگر صحافی ایوارڈ سے نوازے گئے۔ایسا پہلی مرتبہ دیکھنے کو ملا ہے کہ جب راجدھانی پٹنہ سے شائع ہونے والے تمام اردو اخبارات سے مدیر اعلیٰ کو ایک ساتھ ایک پلیٹ فارم پر ایوارڈ سے نوازاگیا۔اس سے سماج میں ایک مثبت پیغام گیا ہے اور اردوآبادی اس طرح کے پروگرام سے لطف اندوز ہوئی ہے۔اس کے علاوہ بہاراقلیتی فائنانشیل کارپوریشن لمیٹڈ کے ڈائرکٹر محمد معیز الدین،آئیڈیل آئیز بزنس کالج کے ڈائرکٹرمحمد شکیل اختر، معروف سماجی کارکن غالب الاسلام سمیت مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے افراد ایوارڈ سے نوازے گئے ۔وہیں تقسیم انعامات کے بعد مہمانوںکی شان میں شعری نشست کا بھی انعقاد کیا گیا۔ جلسے میں موجود تمام مہمان شعرا کے کلام سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ پروگرام کی نظامت مشہور افسانہ نگار اور حلقہ ادب بہار کے جنر ل سکریٹری نے بحسن وخوبی کی۔ پروگرام کوکامیاب بنانے میں عشرت اظہار، یاسر اظہار،مسٹربھائی،محمدخطیب الرحمن سمیت حلقہ ادب بہار اور خواجہ غریب نواز سوسائٹی کے عہدیداران اور نوجوانوں نے اہم کردار ادا کیا۔ وہیںبہار اردو اکادمی کے سکریٹری عظیم انصاری،ارشد فیروز،عظیم اللہ انصاری سمیت کئی اہم شخصیات کا بھی اہم کرداررہا۔
ذات، پات کی سیاست ملک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ: اپیندر رائے
روزنامہ راشٹریہ سہارا کے گروپ ایڈیٹر اسمٰعیل ظفر خاں سمیت متعدد صحافی اعزاز سے سرفراز ’خواتین کی ترقی کے بغیر ملک کی ترقی ناممکن: رینو دیوی، نتیش حکومت اقلیتوں کے مسائل حل کرنے میں کامیاب: مہیشور ہزاری‘
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS