نابالغ لڑکی کیساتھ درندگی اور قتل کے خلاف کینڈل مارچ

0
SBS

نئی دہلی (ایس این بی) : سیلم پور اسمبلی حلقہ کے چوہان بانگر وارڈ میں سابق رکن اسمبلی چودھری متین احمد کی سرپرستی میں9سال کی معصوم بچی کے ساتھ ہوئی درندگی اور قتل کے خلاف کینڈل مارچ نکالا گیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ لوگوں نے حکومت اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کی اورانصاف کا مطالبہ کیا۔ متین احمد نے کہا کہ اگر ہاتھ رس کی دلت بیٹی کو انصاف مل گیاہوتا تو آج دہلی کے کینٹ میں دلت کی معصومی بچی کے ساتھ درندگی نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ہاتھ رس میں بی جے پی ظالموں کو بچارہی تھی اسی طرح یہاں بھی بی جے پی اور عام آدمی پارٹی سیاست کررہی ہیں ۔آخر ابھی تک بچی کے گھروالوں کو انصاف کیوں نہیں مل پایا کیا اس لئے کہ وہ دلت کی بچی تھی ؟۔اگر ایسا نہیں تو پھر یہ بی جے پی اور آپ کے لوگ کہاں سوئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور آج بھی کھڑی ہے ۔اس موقع پر چوہان بانگر کے کونسلر چودھر زبیر احمد ، مظاہر علی، شاہ ویز خان ،ریاض الدین راجو،ریاست ساحل،ونود شرما،اجے شرما،ندیم شیخ،پروین وتس،رئیس سلمانی،ندیم راعین،جمیل ملک، شفیق خان،راجیو شرما،آصف چودھری،آشا رانی،زیب النسا،بشری انصاری،نیہا بیگ راج،فیضان قریشی، فیضان ادریسی،ضرار احمد اور راجندر کھڈو وغیرہ بطور خاص موجود رہے۔ دریں اثنا دہلی کینٹ علاقے کے ناگل گاؤں کی 9 سالہ نابالغ اور کمسن دلت لڑکی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری ،بے دردی سے قتل کئے جانے کے خلاف اور مظلومہ کے گھروالے کو انصاف دلانے کے لئے آج بعد نماز مغرب بھیم آرمی کی جانب سے شاہین باغ جامعہ نگر میں ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا،جس میںمظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے اور اس پر لکھا ہوا تھا کہ دلت لڑکی کے قاتلوں اور عصمت دری کے مجرمین کو جلد ازجلد پھانسی دے کر مظلوم کو انصاف دو۔ریلی کا انعقاد جی بلاک 40 فٹا روڈ سے ہوا اور ہائی ٹینشن روڈشاہین باغ سبزی منڈی ہوتے ہوئے شاہین باغ تھانہ پر جاکر اختتام پذیرہوا۔ اس موقع پرمظاہرین نے حکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ نابالغ اور کمسن دلت بچی کے اجتماعی عصمت دری کرنے والوں کے خلاف دائر مقدمہ کو فاسٹ ٹریک عدالت میں چلایا جاے تاکہ انھیں جلد ازجلد سزادی جاسکے۔ احتجاجی مظاہرہ میں بڑی تعداد میں نوجوان شریک تھے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS