وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے کی حملہ کی مذمت، پُرتشدد واقعات کی کناڈامیں کوئی گنجائش نہیں

0

کناڈا: مسجد میں کلہاڑی سے نمازیوں پر حملہ
اوٹاوا(ایجنسیاں) : کناڈا میں کلہاڑی بردار شخص کی مسجد پر حملے کے دوران نمازیوں کو قتل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی، پولیس نے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔ کناڈا میڈیا کے مطابق شہر میسیساگا میں واقع مسجد دار التوحید اسلامک سینٹر میں نماز فجر کے وقت 24 سالہ شخص نے کلہاڑی کے ساتھ نمازیوں پر حملے کی کوشش کی۔ ملزم اپنے ساتھ پیپر اسپرے بھی لایا تھا (جو عموماً ریچھ کو بھگانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے) تاکہ اس سے لوگوں کی مزاحمت کو کم کرسکے تاہم اسے کامیابی نہ ملی۔ مسجد کے امام نے بتایا کہ ملزم کلہاڑی اور بیئر اسپرے لے کر آیا، بیئر اسپرے سے متعدد نمازی زخمی بھی ہوئے۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ ایک شخص 3 نمازیوں پر بیئر اسپرے کرنے کی کوشش کررہا تھا


جوکہ کلہاڑی اٹھایا ہوا تھا، لوگوں کے چیخنے پر نماز کی پہلی صف میں موجود لوگوں کو اس بات کا احساس ہوا کہ کچھ گڑبڑ ہے، اسی وقت ایک نمازی پیچھے مڑا اور اس نے حملہ آور کے ہاتھ سے کلہاڑی گرادی اور اسے پکڑلیا اور اس وقت تک نہیں چھوڑا جب تک پولیس نہ آگئی۔پولیس کے مطابق گرفتار شخص کا نام محمد معیز عمر ہے جس کے خلاف 6مقدمات درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔
دوسری جانب کناڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے مسجد پر کلہاڑی سے حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں کناڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ ایسے پُرتشدد واقعات کی کناڈا میں کوئی گنجائش نہیں ہے ۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ میں ان لوگوں کے حوصلے پر بھی داد دینا چاہتا ہوں جو آج صبح وہاں موجود تھے ۔ پولیس حملہ آور سے پوچھ گچھ کررہی ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS