اوکھلا اسمبلی حلقہ کے تحت شاہین باغ میںآج چلے گا بلڈوزر!

0

پولیس فورس کی دستیابی پرانکروچمنٹ کے خلاف بڑی کارروائی ممکن ،پولیس کی عدم دستیابی کی بنا پر5مئی کو کارروائی نہیں ہوئی تھی
نئی دہلی(ایس این بی ) : اگرآج پولیس فورس دستیاب ہوتی ہے تو پھر اوکھلا اسمبلی حلقہ کے تحت شاہین باغ علاقے میںغیر قانونی انکروچمنٹ ہٹانے کے خلاف بڑے پیمانہ پر کارروائی ممکن ہے۔حالانکہ پولیس کی عدم دستیابی کی بنا پر5مئی کو یہاںانکروچمنٹ کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی تھی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے زیراقتدار جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن پولیس کی دستیابی کے لئے پوری کوشش میں ہے تاکہ یہاں آج 9مئی کو انکروچمنٹ کے خلاف بلڈوزر چلایا جاسکے ۔ قابل ذکر ہے کہ بی جے پی کے دہلی پردیش صدر آدیش گپتا نے پچھلے مہینے 20 اپریل کو ایس ڈی ایم سی کے میئر کو ایک خط لکھا تھا، جس میں ان سے ’روہنگیائی مسلمان، بنگلہ دیشی اور سماج دشمن عناصر‘ کی طرف سے کئے گئے انکروچمنٹ کو ہٹانے کی درخواست کی گئی تھی، جس کے بعد ایس ڈی ایم سی نے ان علاقوں میں انکروچمنٹ ہٹانے کا منصوبہ بنایا تھا۔حالانکہ شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن نے جہانگیر پوری علاقے میں فرقہ وارانہ تشدد کے چار دن بعد انسداد تجاوزات مہم شروع کی جس پر بڑے پیمانے پر تنقید ہوئی۔ اس کے بعد ایک مفاد عامہ پرسپریم کورٹ نے این ڈی ایم سی کو اسٹیس برقرار رکھنے کا حکم دیا۔ واضح رہے کہ بی جے پی کے زیر اقتدار جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن نے پچھلے مہینے مختلف علاقوں سے انکروچمنٹ ہٹانے کے خلاف مہم شروع کی تھی۔ ایس ڈی ایم سی کی یہ کارروائی شاہین باغ سمیت اس کے دائرہ اختیار کے علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کو ہٹانے کے10 روزہ ایکشن پلان کا حصہ ہے۔ آپریشن میں بلڈوزر کا استعمال کیا جا رہا ہے اور یہ مختلف علاقوں میں 13 مئی تک جاری رہے گا۔ یہ مہم شاہین باغ مین روڈ، کالندی کنج، ایم بی روڈ، مہر چند مارکیٹ، سرینواس پوری اور کھڈا کالونی میں چلائی جانی ہے۔ ایس ڈی ایم سی کے سینٹرل زون کے اسسٹنٹ کمشنر کے دستخط سے جاری نوٹس میں 30اپریل سے 13مئی تک کل 9 علاقوں میں انکروچمنٹ کے خلاف بلڈوزر چلانے کی بات کہی گئی ۔اس نوٹس میں 5مئی کو کالندی کنج مین روڈ، کالندی کنج پارک اور جامعہ نگر پولیس اسٹیشن تک انکروچمنٹ کے خلاف بلڈوزر چلانے کو کہا گیا ہے ۔اسی طرح 9مئی کو مین روڈ شاہین باغ جی بلاک سے جسولہ کینال ، کالندی کنج روڈ پر بلڈوزر چلانے کی بات کہی گئی ہے۔حالانکہ 5مئی کو پولیس فورس کی عدم دستیابی کے سبب کارروائی ممکن نہیں ہوپائی تھی ۔9مئی کو بلڈوزر چلنے کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے ،بتایا جا رہا ہے کہ کارپوریشن انتظامیہ پوری کوشش میں ہے کہ اسے ضروری تعداد میں پولیس فورس مہیا کرادی جائے جس سے یہاں انکروچمنٹ کے خلاف کارروائی کرنے میں کسی طرح کی دقت پیش نہ آئے۔ ایس ڈی ایم سی کے منصوبہ کے مطابق 10 مئی کو گرودوارہ روڈ نزد نیو فرینڈس کالونی کے پاس مہم چلائی جائے گی۔ مہم 11 مئی کو مہر چند مارکیٹ، سائی بابا مندر کے قریب لودھی کالونی اور جے ایل این میٹرو اسٹیشن کے قریب چلائی جائے گی۔ایس ڈی ایم سی کے ایک افسر نے کہا، ’یہ غیر قانونی انکرومنٹ ہٹانے کا ہمارا باقاعدہ منصوبہ ہے۔ تمام کارروائی کا انحصار پولیس فورس کی دستیابی پر بھی ہوگا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS