پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس 31جنوری سے8اپریل تک

0

مرکزی بجٹ یکم فروری کو پیش کیا جائے گا
نئی دہلی (پی ٹی آئی) : پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس 31 جنوری کو شروع ہوگا، جب صدر جمہوریہ دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس کو خطاب کریں گے اور یہ 8اپریل کو اختتام پذیر ہوگا۔ ذرائع نے پارلیمانی اور کابینی کمیٹی کی سفارشات کا حوالہ دیتے ہوئے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔ مرکزی بجٹ یکم فروری کو پیش کیا جائے گا۔ صدر جمہوریہ کے خطاب کے بعد اقتصادی سروے 31 جنوری کو پیش کیا جاسکتا ہے۔ بجٹ اجلاس کا پہلا مرحلہ 11فروری تک چلے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس کے بعد ایک ماہ کی چھٹی کے بعد اجلاس کا دوسرا مرحلہ 14 مارچ سے شروع ہوگا اور 8 اپریل تک چلے گا۔ چھٹی کی مدت کے دوران محکموں سے منسلک پارلیمانی کمیٹیاں متعلقہ وزارتوں کو بجٹ الاٹمنٹ کا پہلوؤں کا جائزہ لیتی ہیں۔ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا پہلا مرحلہ تب منعقد ہورہا ہے، جب اترپردیش اسمبلی الیکشن کیلئے تشہیر زور وشور سے چل رہی ہوگی اور جہاں پہلے مرحلہ کیلئے 10فروری کو پولنگ ہوگی۔چھٹی کے بعد جب دوسرا مرحلہ شروع ہوگا تب تک اترپردیش، پنجاب، گوا، منی پور اور اتراکھنڈ کے اسمبلی الیکشن کے نتائج سامنے آجائیں گے۔ ان پانچوں ریاستوں کیلئے ووٹوں کی گنتی 10مارچ کو ہوگی۔ ذرائع نے بتایاکہ کووڈ19- کے معاملوں میں اضافہ کے مدنظر پارلیمنٹ کے احاطہ میں داخل ہونے والے ارکان پارلیمنٹ کیلئے آرٹی-پی سی آر ٹیسٹ نگیٹو رپورٹ اور پوری طرح سے ٹیکہ کاری کا سرٹیفکیٹ ضروری ہوگا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS