جشن یوم ولادت رسول کے موقع پر اہل سنت اکیڈمی کی جانب سے بلڈ ڈونیشن کیمپ

0

نئی دہلی(پریس ریلیز):قادری مسجد دار القلم دہلی میں عید میلاد النبی کی شاندار نعتیہ محفل کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے خطاب میں مولانا عمران احمد ازہری نے کہا کہ مسلمانوں کی خیر خواہی اور خدمت خلق ہر وقت کار خیر ہے لیکن آج کے دن رسول رحمت کی رحمت للعالمینی کا عملی مظاہرہ ہے جس کے لئے اہل سنت اکیڈمی دہلی بطور خاص قابل مبارکباد ہے، جامعہ حضرت نظام الدین اولیاء کے ڈائریکٹر مولانا محمود غازی ازہری نے عید میلاد النبی بلڈ ڈونیشن کیمپ کے آغاز پر خیر مقدمی کلمات میں کہا کہ یہ ابتدا ہے جو ہمارے تجربے کا پہلا مرحلہ ہے، اب سال میں مختلف مواقع پر یہ مبارک تجربہ کرتے رہیں گے، سب سے پہلے اپنا خون عطیہ کر کے عید میلاد النبی بلڈ ڈونیشن کیمپ کا افتتاح کرتے ہوئے اکیڈمی کے صدر مولانا محمد ظفر الدین برکاتی نے کہا کہ خدمت خلق اور بندوں کی خیر خواہی اکیڈمی کا بنیادی مقصد ہے، اس لئے یہ اقدام ہمارے سابق صدر مرحوم عتیق الرحمن عرف بابو بھائی کی روح کو نذر کرتے ہوئے ہمیں بڑی خوشگوار مسرت ہو رہی ہے۔
جشن عید میلاد النبی کی نعتیہ محفل کا آغاز قادری مسجد میں قاری نوید احمد موذن کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا، اس کے بعد نظامی مسجد کے امام قاری نازش علی نعیمی ،مسجد خلیل اللہ کے قاری محمد آفتاب عالم غازی پوری ، جامعہ حضرت نظام الدین اولیاء کے قاری مظہر الدین عزیزی اور سید احراز فاونڈیشن کے مولانا غلام دستگیر آمری نے نعتیہ کلام پیش کیا، مولانا محمد ظفر الدین برکاتی نے خیر مقدم، خطبہ استقبالیہ اور ہدیہ تشکر پیش کیا، صلوۃ و سلام کے بعد قاری مظہر الدین عزیزی کی دعا پر نعتیہ محفل میلاد پاک نماز ظہر سے پہلے ختم ہوئی۔
عید میلاد النبی بلڈ ڈونیشن کیمپ کے نگراں اورنگ زیب نے اپنے معاونین اور خیر خواہوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ بارہ ربیع الاول کی مناسبت سے بارہ یونٹ خون عطیہ کیا گیا، اکیڈمی کے بانی رکن محمد شاہین صاحب نے کہا کہ سب سے پہلے اپنا خون عطیہ کر کے اکیڈمی کے نو منتخب صدر مولانا محمد ظفر الدین برکاتی نے نوجوان ارکان کو بڑا حوصلہ دیا ہے، اکیڈمی کے جنرل سیکرٹری سید محمد عاطر نے بتایا کہ حاضرین کو ہندی زبان میں ٩ کتابیں، انگریزی میں ایک کتاب انڈر اسٹینڈنگ اسلام اور علمائے کرام کے لئے اردو زبان میں چار کتابیں اکیڈمی کی جانب سے بڑی تعداد میں تقسیم کی گئیں، مولانا امجد رضا علیمی نے کہا کہ حاضرین کے لئے شربت، شیرینی اور جوس پانی کا اہتمام پہلے سے بہتر رہا جو خوش آئند بات ہے، عید میلاد النبی بلڈ ڈونیشن کیمپ کے قریب غلام ربانی،سکریٹری محمد شیراز، مولانا محمد قاسم مصباحی، صحافی ایم جسیم الحق، حافظ محمد اسحاق، حافظ سہیل احمد، سکندر علی آمری وغیرہ بطور خاص موجود رہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS