نئی دہلی، : شرد پوار کے زیر قیادت نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) نے بدھ کو 2دہائی قبل ہونے والے گجرات فسادات کو لے کر بی جے پی سے معافی مانگنے کو کہا جس طرح کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے تقریباً 4 دہائی قبل ان کی دادی اور سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کے ذریعہ ایمرجنسی لگائے جانے کو لے کر افسوس ظاہر کیا ہے۔ راہل گاندھی نے نے اندرا گاندھی کے ذریعہ ایمرجنسی نافذ کیے جانے کو ایک غلطی قرار دیتے ہوئے منگل کو کہا تھا کہ اس دور میں جو ہوا وہ غلط تھا۔ مہاراشٹر حکومت میں وزیر اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ترجمان نواب ملک نے کہا کہ ’اب بی جے پی اور وزیراعظم نریندر مودی کی باری ہے کہ وہ قبول کریں کہ گجرات فسادات غلط تھے۔ بی جے پی کو اس کے لیے معافی مانگنی چاہیے۔‘ اسمبلی ہائوس کے باہر اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ملک نے کہا کہ ’45 سال بعد راہل گاندھی نے قبول کیا کہ ایمرجنسی نافذ کرنا ایک غلطی تھی۔ کانگریس نے 84 کے سکھ مخالف فسادات کے لیے بھی معافی مانگی تھی۔‘ کانگریس کی مہاراشٹر اکائی کے صدر نانا پٹولے نے کہا کہ ’اس میں کچھ بھی غلط نہیں ہے کہ راہل گاندھی ایک پرانی غلطی کے لیے معافی مانگ رہے ہیں۔ دوسری طرف دیکھیں تو یہ ایک فراخ دلی ہے۔‘ پٹولے نے الزام لگایا کہ گجرات فسادات انسانیت پر دھبہ تھے۔ کیا بی جے پی اور مودی اس کے لیے معافی مانگیں گے؟ این سی پی اور کانگریس کے تبصروں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مہاراشٹر بی جے پی کے ترجمان کیشو اپادھیائے نے کہا کہ کانگریس نے لوگوں کے جذبات کی فکر کیے بغیر ایمرجنسی نافذ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’گجرات فساد ایک الگ معاملہ ہے۔ 2 معاملوں (گجرات فسادات اور ایمرجنسی) کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔‘
بی جے پی کو راہل گاندھی کی پیروی کرنی چاہیے:این سی پی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS