ہاتھرس واقعہ پر پرینکا گاندھی کا یوگی سرکار پر سخت حملہ
نئی دہلی: کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے اتر پردیش میں قانون و انتظام کی صورتحال کو لے کر بدھ کویوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت والی ریاستی سرکار پر نشانہ سادھا۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ہاتھرس اور بلند شہر ہیش ٹیگ کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’بی جے پی حکومت میں اتر پردیش دن بہ دن بدتر پردیش بن رہا ہے۔ اس قانونی بدنظمی سے کوئی بھی اچھوتا نہیں ہے۔ یہ کمیونٹی کے لیے ابھیشاپ ہے۔‘راہل گاندھی نے ہاتھرس ضلع میں 50 سالہ ایک شخص کی انتم یاترا کی تصویر بھی ٹیگ کی ہے۔ معاملے میں بیٹی سے چھیڑ چھاڑ کی شکایت واپس نہیں لینے پر ایک ملزم کا گولی مار کر قتل کر دیا۔

اترپردیش نے جرائم کے واقعات میںاضافہ کو لے کر بی جے پی پر نشانہ سادھتے ہوئے کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے بدھ کو کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ کی تشہیر کے بر خلاف ہر روز کوئی نہ کوئی کنبہ انصاف کے لیے چیخ رہا ہے۔ کانگریس رہنما نے اتر پردیش میں بی جے پی کی قیادت والی سرکار پر نشانہ ایسے وقت میں سادھا ہے جب ہاتھرس ضلع میں بیٹی سے چھیڑ چھاڑ کی شکایت واپس نہیں لینے پر ایک ملزم نے متاثرہ کے والد کا گولی مار کر قتل کر دیا۔ وہیں ایک دیگر واقعہ میں بلند شہر میں ایک شخص کے گھر میں بنے گڑھے سے 12 سالہ لڑکی کی لاش نکالی گئی۔ پرینکا گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ ’ہاتھرس میں چھیڑ خانی کے خلاف مقدمہ واپس نہیں لینے والی ایک لڑکی کے والد کا قتل کر دیا گیا۔ بلند شہر میں کئی دنوں سے غائب ایک بچی کی لاش ایک گھر میں گڑی ہوئی ملی۔‘ انہوں نے الزام لگایا کہ ’جرم کو لے کر اتر پردیش کی بی جے پی سرکار کی جھوٹی تشہیر کے بالکل برعکس زمین پر ہر روز کوئی نہ کوئی کنبہ انصاف کے لیے چیخ رہا ہے۔‘
پرینکا گاندھی اور کانگریس کے دیگر لیڈروں نے اترپردیش میں قانون و انتظام کی صورتحال پر یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت والی سرکار پر حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ مجرمانہ سرگرمیاں بے لگام ہیں جبکہ ریاستی سرکار نے ان دعووں کو خارج کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS