ڈینگی کے بڑھتے معاملوں کیلئے ایم سی ڈی ذمہ دار: آتشی

0
image:www.millenniumpost.in

نئی دہلی (یو این آئی)عام آدمی پارٹی نے دہلی میں ڈینگی کے بڑھتے ہوئے معاملوں کے لیے بی جے پی کے زیر اقتدار میونسپل کارپوریشن کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی لیڈروں نے ڈینگی اور ملیریا سے لڑنے کی دوا اورمشین کے بجٹ کو اپنی جیب میں ڈال لیا ہے۔ پارٹی کی سینئر لیڈر اور ایم ایل اے آتشی نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ بی جے پی کے زیر اقتدار ایم سی ڈی نے اکتوبر تک ڈینگی سے لڑنے کے لیے ادویات نہیں خریدی ہیں۔ اس کے علاوہ، ایم سی ڈی نے دہلی میں ڈینگی کی روک تھام کے لیے کوئی بروقت اقدامات نہیں کیے ہیں، جس کی وجہ سے دہلی کے لوگوں کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی بدعنوانی کی وجہ سے محکمہ اینٹی ملیریا میں 70فیصد سے زائد عہدے خالی پڑے ہیں۔ ایم سی ڈی کے ہروارڈ میں کم از کم ایک فوگنگ مشین درکار ہے لیکن ایم سی ڈی کے پاس کافی تعداد میں فوگنگ مشینیں بھی نہیں ہیں۔ اس موقع پر آتشی نے کہا کہ دہلی کے عوام گزشتہ 15سالوں سے بی جے پی کے زیر اقتدار کارپوریشن کی بدعنوانی اور بد نظمی سے پریشان ہیں۔ بی جے پی کی بدنظمی کی وجہ سے آج دہلی کے لوگوں کی جان پر بن آئی ہے۔ ڈی ایم سی ایکٹ کے تحت ملیریا ڈینگی کی روک تھام کی ذمہ داری کارپوریشن پر ہے لیکن ایم سی ڈی اپنی ذمہ داری چھوڑ دی ہے ۔آتشی نے مزید کہا کہ دہلی میں دن بہ دن ڈینگی کے معاملے بڑھ رہے ہیں۔ بی جے پی کو بتانا چاہیے کہ کارپوریشن ڈینگی کو روکنے کے لیے کیا کر رہی ہے۔ یہ کارپوریشن کی ذمہ داری ہے کہ ان کی بریڈنگ چیکرز کی ٹیم گھر گھر جاکر پتہ لگائے کہ کسی گھر میں پانی تو جمع نہیں ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ کہیں بھی مچھر پیدا نہیں ہورہے ہیں۔ اگر ایسا ہو رہا ہے تو یہ کارپوریشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ پانی خالی کرے، وہاں ادویات ڈالے اور تیل ڈالے۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن میں ہر وارڈ کے لیے 10سے 15بریڈنگ چیکرز ہونا لازمی ہے لیکن بدانتظامی اور بدعنوانی کی وجہ سے محکمہ اینٹی ملیریا میں 70فیصد سے زائد آسامیاں خالی ہیں۔ اینٹی ملیریا ڈپارٹمنٹ میں ایسے لوگ نہیں ہیں جو کارپوریشن کی یہ ذمہ داری ادا کرسکیں اور دہلی کے لوگوں کو ڈینگو سے بچا سکیں۔آتشی نے کہا کہ کارپوریشن کی ایسی 3 بڑی غلطیوں کو مجرمانہ غفلت کے تحت شمار کیا جانا چاہئے، جس کی وجہ سے آج دہلی کے لوگوں کو ڈینگو کے قہر کا سامنا ہے۔ بی جے پی لیڈروں کو جواب دینا چاہیے کہ دہلی کے لوگوں نے کیا جرم کیا ہے کہ آپ دہلی کے باشندوں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔ بی جے پی کے لیڈروں نے ڈینگی و ملیریا سے لڑنے کی میڈیسن اور مشین کا بجٹ اپنی جیب میں ڈال لیا ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS