بہار نے بی جے پی کو ہٹا کر جمہوریت کو بچایا:بھکتا جرن داس

0

نئی دہلی، (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ بہار میں اپوزیشن جماعتوں کے مہاگٹھبندھن نے بی جے پی کو حکومت سے بے دخل کر کے جمہوریت اور ملک کو بچانے کا ایک نیا راستہ دکھایا ہے ۔کانگریس کے جنرل سکریٹری انچارج بہار بھکتا چرن داس، بہار کانگریس صدر مدن موہن جھا اور نوجوان لیڈر کنہیا کمار نے بدھ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ جب ملک میں پارلیمنٹ کے وقار کو پامال کیا جا رہا ہے اور آئینی ادارے کمزور ہو چکے ہیں ایسے ماحول میں بھارتیہ جنتا پارٹی ملک کی مختلف ریاستوں میں اپوزیشن کی حکومت گرانے اور اپنی حکومت بنانے کے لیے کوشاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس ماحول میں بہار میں بی جے پی کو بڑا جھٹکا لگا ہے جب اپوزیشن جماعتوں نے مہاگٹھ بندھن بنا کر بی جے پی کو حکومت سے باہر پھینک کر ایک نئی مثال قائم کی ہے جس میں جمہوریت اور ملک کو بچانے کا کام کیا گیا ہے ۔ یہ کام اپوزیشن کے اتحاد سے ممکن ہوا ہے اور ایسا ہی کام کہیں اور بھی کرنا پڑے گا۔مسٹر جھا نے کہا کہ بہار میں بی جے پی کو بے دخل کرنے کے لیے اپوزیشن نے مل کر جو کام کیا ہے وہ ملک کے لیے مثالی ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بہار نے ہمیشہ ملک کو سمت دی ہے اور ہر تحریک میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے اور اب صرف بہار ہی بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے میں اہم رول ادا کرے گا۔یوتھ لیڈر کنہیا کمار نے کہا کہ بہار میں حالات بہت خراب ہیں، بے روزگاری اپنے عروج پر ہے اور کانگریس اب بہار میں غیر بی جے پی حکومت کو مضبوط کرنے اور بہار میں بے روزگاری کو دور کرنے کے لیے مل کر کام کرے گی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS