ایل جے پی نےبہار میں نتیش کی قیادت میں انتخابات لڑنے سے انکار کیا

0

لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) نے بہار میں نتیش کمار کی قیادت میں اسمبلی انتخابات لڑنے سے انکار کردیا ہے اور 143 سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
 تاہم ایل جے پی نے واضح کیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ اس کا اتحاد اور تال میل جاری رہے گا اور انتخابی نتائج کے بعد ریاست میں بی جے پی-ایل جے پی کی حکومت بنے گی ۔

 پارٹی صدر چراغ پاسوان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کی اتوار کو یہاں منعقدہ ایک میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا ۔ میٹنگ کے بعد پارٹی کے جنرل سیکریٹری عبد الخالق نے بتایا کہ قومی سطح پر اور لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی اور ایل جے پی کا مضبوط اتحاد ہے ۔  ریاستی سطح پر اور اسمبلی انتخابات میں قومی جمہوری اتحاد میں موجود جنتا دل یو کے ساتھ نظریاتی اختلافات کے سبب ایل جے پی نے اتحاد سے علیحدہ انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مسٹر خالق کے مطابق انتخابی نتائج کے بعد ایل جے پی کے تمام جیتے ہوئے اراکین اسمبلی وزیر اعظم نریندر مودی کے ترقی کے راستے پر گامزن ہوں گے اور بی جے پی-ایل جے پی حکومت بنائے گی۔
ایل جے پی ذرایع نے بتایا کہ پارٹی بہار میں 243 میں سے 143 سیٹوں پر  انتخابات لڑے گی اور جے ڈی یو کے امیدواروں کے خلاف بھی اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔

مسٹر خالق نے کہا کہ بہار کی  کئی سیٹوں پر جے ڈی یو کے ساتھ نظریاتی لڑائی ہوسکتی ہے تاکہ ان سیٹوں پر عوام فیصلہ کرسکیں کہ بہار کے مفاد میں کون سا امیدوار بہتر ہے۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS