بی جے پی کو اپنے ہی گڑھ سورت میں بڑادھچکا

0

سورت، (ایجنسیاں) بی جے پی کے گڑھ سورت میں پارٹی کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ سورت میں پارٹی کے سابق نائب صدر پی وی ایس شرما نے منگل
کو پارٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ پارٹی کے ریاستی صدر سی آر پاٹل کو تحریر کردہ خط میں انہوں نے الزام لگایا ہے کہ انہیں پارٹی
میں نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ کچھ ہی دنوں پہلے انہیں مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کی تحقیقات کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔ محکمہ انکم ٹیکس میں سابق
اسسٹنٹ کمشنر پی وی ایس شرما نے اپنی ملازمت سے استعفیٰ دے کر سیاست میں اپنی قسمت آزمائی تھی۔سورت کے تاجروں پر اپنی گرفت کی
وجہ سے وہ بی جے پی کے لیے بہت مفید سمجھے جاتے تھے۔ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ وہ بی جے پی سے استعفیٰ دے کر اروند کیجریوال
کے ساتھ جا سکتے ہیں۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو کجریوال بی جے پی کے گڑھ میں مزید مضبوط ہوسکتے ہیں اور اس سے سورت کی 16 اسمبلی
سیٹوں پر بی جے پی کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔ دراصل نوٹ بندی کے دوران پی وی ایس شرما کے بی جے پی کے ساتھ تعلقات خراب ہو گئے
تھے۔ چونکہ وہ ایک تاجر رہنما کے طور پر دیکھے جاتے ہیں، اس لیے وہ ہمیشہ تاجروں سے متعلق مسائل اٹھاتے رہتے ہیں۔ نوٹ بندی کے دوران
انہوں نے الزام لگایا تھا کہ اس (نوٹ بندی) کے نام پر تاجروں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ ان کے اس ٹویٹ کو پارٹی کی مرکزی قیادت کو نشانہ بنانے
والا سمجھا گیا تھا۔ اس ٹویٹ کے بعد پارٹی کی جانب سے انہیں نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا۔ بعد میں انہیں سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ
کی تحقیقات سے بھی گزرنا پڑا تھا۔ پارٹی میں انہیں گجرات بی جے پی کے صدر سی آر پاٹل کے قریبی سمجھا جاتا تھا، لیکن اپنے استعفیٰ میں
انہوں نے پاٹل کے دور میں خود کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ تفتیش کے دوران بی جے پی کارکنوں کو ان سے کوئی
رابطہ نہ رکھنے کے لیے بھی کہا گیا تھا۔ دراصل گزشتہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے جارحانہ انتخابی مہم چلائی تھی۔ ان
کی حمایت پاٹیدار تحریک اور دلت تحریک نے بھی کی تھی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS