احتساب کریں اور امید نہ چھوڑیں

0

اسامہ عاقل
2022 ختم ہونے والاہے اور 2023 شروع ہونے والا ہے۔ آج کل سبھی سوچ رہے ہوں گے کہ اس ختم ہونے والے سال میں کیا حاصل کیا اور کیا کھویا ، کہاں کامیابی ملی اور کہاں نا کامی ، نیا کیا سیکھا اور مزید سیکھنے کے لئے کیا باقی رہ گیا ، جن کے لئے یہ سال اچھا رہا وہ سوچ رہے ہوں گے کہ ہر سال اسی طرح گزرے ، لیکن جن کے لئے یہ سال اچھا نہیں رہا وہ سوچ رہے ہوں گے کہ زندگی میں دوبارہ ایسا وقت کبھی بھی نہ آئے۔ کچھ لوگ ہاتھ کی لکیروں کو دیکھ رہے ہوں گے تو کچھ ایسے بھی ہوں گے جو ہاتھ کی لکیروں کو بدلنے کے لئے سوچ رہے ہوں گے۔ وقت کے آئینے میں خود کو پرکھنے ، جاننے اور سمجھنے کا صحیح وقت ہے۔ کامیاب لوگ خود کو وقت کے آئینے میں پرکھتے ہیں۔ جب ہم خود کو سمجھتے ہیں تو اپنی کمزوریوں ، کوتاہیوں کے ساتھ ساتھ اپنی طاقت اور خوبیوں کو بھی سمجھ رہے ہوتے ہیں۔ دنیا میں کامیاب لوگ ہمیشہ خود کو وقت کے آئینے میں دیکھتے ہیں۔ وقت کے مطابق پرکھتے رہتے ہیں ، تبھی تو بلندی کی منزل پر پہنچ جاتے ہیں۔ زندگی میں ہم گرتے تب ہیں جب خود کی نہیں سنتے ، اٹھتے بھی اسی وقت ہیں جب خود کی سننے لگتے ہیں۔ خود کی سنتے ہوئے کامیاب لوگوں کی طرح وقت کے آئینے میں دیکھنے کی کوشش کیجئے۔
یاد کیجئے جب آپ اسکول میں تھے تو آپ کیا تھے ، کالج میں تھے تو کیا تھے ، مدرسہ میں تھے تو کیا تھے ، ایک سال قبل کیا تھے اور آج کیا ہیں۔ وقت کے مطابق ہمارے رویئے اور ہماری شخصیت میں بھی تبدیلی آتی ہے۔ انسان وقت کے ساتھ خود کو بدلتا ہے ، زندگی میں وقت کبھی بھی ایک جیسا نہیں رہتا۔ رات کے بعد دن آتا ہے تو برے وقت کے بعد اچھا وقت بھی آنا ہے۔
ابھی اگر خوش ہیں تو زندگی کے کسی موڑ پر دکھ بھی آئیں گے اور یہ بھی یاد رکھنا چاہئے کہ اس دکھ کے بعد پھر اچھے دن بھی آئیں گے۔ زندگی اگر جدوجہد بھری رہی ہو ،زندگی میں کبھی تاریکی چھائی ہو ، ناکامی ہاتھ لگی ہو تو کامیابی اور خوشحالی کے لئے کوشش کرتے رہنا چاہیے۔
اپنی خوبیوں کی فہرست بنائیں : وقت کے آئینے میں خودکا جائزہ لینے کے لئے اپنی شخصیت کی خوبیوں کی فہرست بنائیے ، گزشتہ سال کی ترجیحات پر غور کیجئے ، کامیابیوں پر غورو فکر کیجئے کہ کامیابی کیسے ملی ، ناکامیوں کی فہرست بنائیے کہ آپ کامیاب نہیں ہوسکے۔ ایسا کرنے سے ہم گزشتہ سال کی سبھی سرگرمیوں کا اندازہ کرکے خود کا جائزہ لے سکتے ہیں۔
مایوسی زندگی میں کامیابی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ کامیابی کے لئے مایوسی کو زندگی میں باہر کا راستہ دکھانا ضروری ہے۔ جب ہم منفی سوچتے ہیں تبھی زندگی میں چلینجز بڑھتے ہیں۔ کامیابی ملی ہے تب بھی یا ناکامی ہاتھ لگی ہو تب بھی دونوں حالت میں مثبت سوچ بہت ضروری ہے۔ گزشتہ سال کی منفی سوچ کو چھوڑ کر مثبت واقعات کے بارے میں غور کیجئے۔
ہردن کو اہم مانیں : اگر ہم وقت کی قیمت کو سمجھتے ہیں تو زندگی کا ہر دن ، ہرلمحہ خود بہ خود اہم ہو جاتا ہے۔ اگر ہم اس کی اہمیت کو نہیں سمجھتے ہیں تو ہر دن اور ہر لمحہ معمولی ہے۔ ہمارے سوچنے کے نظریے پر ہی ہمارا حال اور مستقبل منحصر کرتا ہے۔
زندگی میں کچھ لوگ ہمیشہ بہترین لمحات کا انتظار کرتے ہیں۔ جب انہیں وہ موقع ملتا ہے تو وہ پوری طاقت لگاکر بہتر کام کرتے ہیں۔ کچھ لوگ ہر چھوٹے بڑے کام پر پوری طاقت لگادیتے ہیں حالانکہ ہرجگہ اپنی طاقت لگانے کا فائدہ نہیں ہے۔ طاقت اور توانائی وہیں لگانی چاہئے جہاں اس کی ضرورت ہے۔ ایسے لمحات اور مواقع کو زندگی میں پہچانیں اور ان کا استعمال بہتر طریقے سے کریں۔ وقت کہاں ٹھہرتا ہے کسی کی خاطر ، جو وقت کے ساتھ چلا وہی قیمت سمجھ پایا۔
rvr

 

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS