حسینہ سرکار ہندواقلیتوں کی سیکورٹی کیلئے پرعزم : حسن محمود

0
thehindu.com

کولکاتا:بنگلہ دیش کے وزیر اطلاعات حسن محمود نے ہفتہ کو کہا کہ شیخ حسینہ سرکار ہندو اقلیتوں کی سکیورٹی اور ان کے مفاد کے لیے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اس سال درگا پوجا پر پرامن تقریبات کا انعقاد اس کا ثبوت ہے۔ ’بنگلہ دیش فلم مہوتسو‘ کے افتتاحی پروگرام میں شامل ہونے کے لیے یہاں آنے والے محمود نے کہا کہ ہند- بنگلہ دیش رشتے دونوں ملکوں کے درمیان صرف تیستا آبی تقسیم سمجھوتے پر منحصر نہیں ہے۔ محمود نے یہاں پریس کلب میں اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’شیخ حسینہ سرکار بنگلہ دیش میں ہندو اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پر عزم ہے۔ حال ہی میں درگا پوجا پر پر امن تقاریب کا انعقاد اس کا ثبوت ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے اس سال بڑی تعداد میں درگا پوجا اتسو تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔‘ 2021 میں درگا پوجا کے دوران بنگلہ دیش میں ہونے والے فرقہ وارانہ تشدد کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سال ناخوشگوار واقعات کو ٹالنے کے لیے سرکار اضافی طور پر الرٹ تھی۔ واضح رہے کہ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی مخالفت کے سبب تیستا ندی آبی تقسیم سمجھوتہ ایک دہائی سے زائد وقت سے زیر التوا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS