جموں و کشمیر میں ماہ رواں کے آخر تک موسم خراب رہ سکتا ہے: محکمہ موسمیات

0

سری نگر: محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں ماہ رواں کے آخر تک برف و باراں کی پیش گوئی کرتے ہوئے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں اس دوران نصف فٹ تازہ برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔
متعلقہ محکمے کے علاقائی ناظم سونم لوٹس نے کہا وادی کشمیر میں 25 فروری کو ہلکے درجے کی بارش یا برف باری ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 26 فروری کو وادی کے میدانی علاقوں میں بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں درمیانی سے ہلکے درجے کی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔
موصوف ناظم نے بتایا کہ 27 اور 28 فروری کو بھی برف و باراں کا امکان ہے جس دوران گلمرگ، سونہ مرگ، زوجیلہ اور بانہال ٹاپ پر نصف فٹ برف باری ہوسکتی ہے۔ادھر وادی میں جمعرات کے روز کبھی کہیں کہیں ہلکی بارشیں اور کبھی موسم خشک مگر ابر آلو رہا تاہم آفتاب نے بھی بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلنے کی کئی کامیاب کوششیں بھی کیں۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں موسم دگرگوں رہنے کے باوجود کم سے کم درجہ حرارت میں اضافہ درج ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 7.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 0.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
بتادیں کہ سری نگر میں 31 جنوری کی شب رواں سیزن کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا جس سے سردیوں کو تیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔
قبل ازیں سری نگر میں رواں سیزن کے دوران 14 جنوری کو سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا اور سردیوں کا پچیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کے دوران 0.4 ملی میٹر برف یا بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
وادی کے سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 6.6 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت 5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS