معروف ادیبہ ذکیہ مشہدی’صوفی جمیل اختر میموریل ایوارڈ‘سے نوازی جائیں گی

0

نئی دہلی : اردو معروف افسانہ نگار اور ادیبہ ذکیہ مشہدی کو2020 کا صوفی جمیل اختر میموریل ایوارڈ دیا جائے گا۔ یہ فیصلہ  ایوارڈ کمیٹی کی میٹنگ میں اتفاق رائے سے کیا گیا۔ ذکیہ مشہدی 13جنوری  کو ممبئی کے انجمن اسلام کے آڈیٹوریم میں اعزاز سے سرفراز کی جائیں گی۔ یہ اطلاع صوفی جمیل اختر لٹریری سوسائٹی کے پیٹرون فہیم اختر (لندن)نے دی ہے۔ ذکیہ مشہدی ہندستانی ادب کیلئے محتاج تعارف نہیں۔ ان کا پہلا افسانوی مجموعہ ’پرائے چہرے‘ 1984 میں منظر عام پر آیا۔ اس کے بعد ”تاریک راہوں کے مسافر ، صدائے باز گشت ، نقش ناتمام ، یہ جہان رنگ و بو ،  منتخب افسانے “ افسانوی مجموعے اور ایک ناولٹ ”پارسا بی بی کا بگھاڑ کی اشاعت نے نہ صرف اردو فکشن کے خزانے میں بیش بہا اضافہ کیا بلکہ ہندستانی ادب کا اہم حصہ ثابت ہوا۔ ذکیہ مشہدی نے کئی اہم ادب پارے کو اردو  اور اردو کے شہہ پارے کو ہندی اور انگریزی کے قالب میں پیش کیا ہے۔ ان میں سے  رام لال  کے افسانوی مجموعے ”پکھیرو“ کا اردو سے ہندی میں ساہتیہ اکادمی کے لیے ترجمہ کیا۔ شیو پرساد سنگھ کی ہندی تخلیق ”نیلا چند“، بھبانی بھٹاچاریہ کی انگریزی کتاب’شیڈو فرام لداخ‘اور سنتوش کمار گھوش کے بنگلہ ناول کے انگریزی ترجمہ ’دی لاسٹ سیلوٹ ‘کا اردو ترجمہ ساہتیہ اکادمی نے شائع کیا۔اسی طرح نیشنل بک ٹرسٹ، خدابخش لائبریری اور ملک و بیرون ملک کے اہم اداروں نے ان کے ترجمہ شدہ  انگریزی، ہندی اور اردو شہہ پاروں کو اہتمام سے شائع کیا ہے۔ مشہدی کے افسانے  کئی اہم زبانوں میں ترجمے ہو چکے ہیں۔ ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے صوفی جمیل اختر میموریل ایوارڈ کمیٹی نے انھیں 2020 کا انعام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ بارہ برسوں سے صوفی جمیل اختر میموریل  ایوارڈ ہر برس اردو زبان و ادب سے متعلق خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے اردو دنیا کی کسی ایک شخصیت کی خدمت میں پیش کیا جاتا ہے۔  2007 میں پہلا صوفی جمیل اختر میموریل ایوارڈ اردو کے اہم صحافی احمد سعید ملیح آبادی کو پیش کیا گیا تھا۔ ان کے بعد جن شخصیات کو اس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے ان میں شمس الرحمن فاروقی، مجتبیٰ حسین، انیس رفیع، ملک زادہ منظور احمد، علقمہ شبلی، وسیم الحق، عزیز برنی، خواجہ محمد اکرام الدین، خلیل طوقار(ترکی) اور یوسف عامر (وائس وائس چانسلر۔الااظہر یونیورسٹی، قاہرہ، مصر) کے نام اہمیت کے حامل ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS