آسٹریلین اوپن:انعامی رقم میں ریکارڈ اضافہ

0

سڈنی:سال کے پہلے گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن 2020 کی انعامی رقم میں اس بار زبردست اضافہ کیا گیا ہے اور اسے چار کروڑ 91 لاکھ ڈالر پہنچا دیا گیا ہے ۔ٹورنامنٹ حکام نے منگل کو یہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ آسٹریلین اوپن میں خاتون اور مرد سنگلز کے فاتح کو اس بار ریکارڈ 28.4 ملین ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی جبکہ رنر اپ کو 14.2 ملین ڈالر ملیں گے ۔ اسپانسر شپ اور بین الاقوامی سطح پر ٹورنامنٹ کی دھاک بڑھنے کی وجہ سے گزشتہ ایک دہائی میں ٹورنامنٹ کی انعامی رقم دگنی سے بھی زیادہ ہو گئی ہے ۔ٹورنامنٹ کے ڈائریکٹر کریگ ٹالے نے انعام کی رقم میں اضافہ کے بارے میں کہا ہے کہ رقم میں اضافہ کھلاڑیوں کو اس کھیل میں ہر سطح پر حمایت کرنے کے لئے کیا گیا ہے ۔ٹالے نے کہاکہ جیسا کہ ہم ہر سال کرتے ہیں، اس سال بھی ہم نے ہر رائونڈ کے بعد انعام کی رقم میں اضافہ کیا ہے ،جس سے ٹورنامنٹ کے سنگلز اور ڈبلز مقابلوں کے ابتدائی رائونڈ میں بھی کھلاڑیوں کے درمیان اچھی ٹکر دیکھنے کو ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے اہم رائونڈ میں باہر ہونے والے کھلاڑیوں کو بھی 62 ہزار ڈالر کی رقم دی جائے گی۔
 جب کہ سیمی فائنل میں جگہ بنانے والے کھلاڑیوں کو سات لاکھ 19 ہزار ڈالر ملیں گے ۔اس کے علاوہ کوالیفائیرس کے پہلے ہی رائونڈ میں باہر ہونے والے کھلاڑیوں کو بھی 13 ہزار 800 ڈالر دیے جائیں گے ۔ سال 2018 کے مقابلے اس رقم میں 33.3 فیصد اضافہ کیا جا چکا ہے ۔آسٹریلین اوپن اگلے سال 20 جنوری سے 2 فروری کے درمیان آسٹریلیا کے میلبورن شہر میں کھیلا جائے گا۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS