آسٹریلیا بنا ٹی20 کانیاعالمی چمپئن،نیوزی لینڈ کی فائنل میں 8وکٹ سے شکست

0

دبئی(ایجنسیاں): ٹی20 ورلڈ کپ 2021 کے فائنل میں آسٹریلیا نے جوش ہیزل وْڈ کی عمدہ بالنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی20 کرکٹ کا نیا چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔دبئی میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔نیوزی لینڈ کے اوپنرز مارٹن گپٹل اور ڈیرل مچل نے مثبت انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور ابتدائی اوورز میں کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔دونوں نے ٹیم کو 28 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن ہیزل وْڈ نے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلاتے ہوئے سیمی فائنل کے ہیرو مچل کی اہم وکٹ حاصل کر لی۔نیوزی لینڈ کو پہلی وکٹ گرنے کے بعد آسٹریلین بالرز کی نپی تلی بالنگ کے سبب رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کین ولیمسن کو 21 کے مجموعی اسکور پر ایک موقع ملا جب باؤنڈری پر موجود ہیزل وْڈ ان کا کیچ نہ لے سکے اور گیند باؤنڈری کے پار چلی گئی۔ولیمسن نے اس موقع کا فائدہ اٹھایا اور مچل اسٹارک کے اوور میں 19 رنز بنائے اور پھر انہی کی جانب سے کرائے گئے 16ویں اوور میں 22 رنز بنائے۔ مارٹن گپٹل اور ولیمسن کے درمیان 48 رنز کی شراکت قائم ہوئی لیکن زامپا کو چھکا مارنے کی کوشش میں گپٹل مڈ وکٹ باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے۔تاہم پورے ٹورنامنٹ میں آؤٹ آف فارم رہنے والے ولیمسن نے فائنل میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی۔ ولیمسن نے گلین فلپس کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 68رنز کی شراکت قائم کی جس میں فلپس کا حصہ صرف 18رنز کا رہا۔ فلپس 18رنز بنانے کے بعد ہیزل وْڈ کی دوسری وکٹ بن گئے جبکہ دو گیند بعد ولیمسن بھی چلتے بنے۔ولیمسن نے 48 گیندوں پر 10 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 85 رنز کی اننگز کھیلی جو ٹی20 ورلڈ کپ فائنل میں اب تک کسی بھی ٹیم کے کپتان کی جانب سے کھیلی گئی سب سے بڑی اننگز ہے۔ ٹی20 ورلڈ کپ فائنل میں بحیثیت کپتان سب سے بڑی اننگز کھیلنے کا اعزاز کمار سنگاکار کے پاس تھا جنہوں نے 2009 کے فائنل میں پاکستان کے خلاف 64 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ ہیزل وْڈ نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے 4 اوورمیں 16 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں جب کہ ایڈم زامپا نے ایک وکٹ لی۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 172رنز بنائے جو ٹی20 ورلڈ کپ فائنل میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور ہے۔آسٹریلیا نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز نے اسکور کو 15 تک پہنچایا ہی تھا کہ تیسرے اوور میں کپتان ایرون فنچ صرف پانچ رنز بنانے کے بعد ٹرینٹ بولٹ کی وکٹ بن گئے۔پہلی وکٹ گرنے کے بعد ڈیوڈ وارنر کا ساتھ دینے مچل مارش آئے اور دونوں نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 92رنز کی شراکت قائم کی۔ ڈیوڈ وارنر نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور 38 گیندوں پر 53 رنزکی اننگز کھیلی لیکن اس مرحلے پر ٹرینٹ بولٹ نے انہیں اپنا شکار بنایا۔ دوسرے اینڈ سے مچل مارش نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور نصف سنچری کے ساتھ ساتھ میکسویل کے ساتھ ناقابل شکست شراکت قائم کر کے آسٹریلیا کو فتح سے ہمکنار کرا لیا۔آسٹریلیا نے 7 گیندوں قبل ہی ہدف حاصل کر کے پہلی مرتبہ ٹی20 چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS