ایشین ریسلنگ میں روی نے جیتا طلائی تمغہ

0

نئی دہلی (یو این آئی) : اولمپک میڈلسٹ پہلوان روی دہیا نے اپنی شاندار کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے ہفتہ کو الانباتار میں جاری سینئر ایشین ریسلنگ چمپئن شپ میں ہفتہ کوطلائی تمغہ جیت لیا جبکہ اسٹار پہلوان بجرنگ اورگورو بالیان کو چاندی کے تمغے سے صبر کرنا پڑا۔ آج مقابلے میں اترے پانچوں فری اسٹائل ہندوستانی پہلوانوں نے تمغے اپنے نام کئے روی نے اس طرح سینئر ایشین ریسلنگ میں مسلسل تیسرا طلائی تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی۔ نوین نے 70 کلوگرام زمرے میں اور ستیہ ورت کادیان نے 97 کلوگرام زمرے میں کانسے کا تمغہ جیتا۔ ہندوستان کے ان پانچ تمغوں کے ساتھ، ٹورنامنٹ میں کل 15 تمغے ہوگئے ہیں، جن میں ایک طلائی، چار نقرئی اور 10 کانسے کے تمغے شامل ہیں۔روی نے قازقستان کے پہلوان رخت کلزان کو 57 کلوگرام کے فائنل میں 12-2 سے شکست دے کر ہندوستان کو مقابلہ کا پہلا طلائی تمغہ دلایا۔ بجرنگ کوایران کے رحمان موسیٰ سے 65 کلوگرام زمرے میں 1-3 سے شکست کاسامنا کرناپڑا اور انہیں چاندی کا تمغہ ملا۔ گورو کو ایران کے علی بختیار سوادکوہی نے 79 کلوگرام کے فائنل میں شکست دی۔ نوین نے 70 کلوگرام میں منگولیا کے تیمولین اینکھیتویا کو شکست دے کر کانسے کا تمغہ جیتا۔ ستیہ ورت کادیان نے ترکمانستان کے ضیا محمد سپاروف کو 97 کلوگرام میں 10-0 سے شکست دے کر کانسے کا تمغہ جیتا۔ ہندوستان کے گریکو رومن پہلوانوں نے پانچ اور خواتین پہلوانوں نے پانچ تمغے جیتے تھے ۔ مینز فری اسٹائل کیٹیگری کے بقیہ 5 ویٹ کے مقابلے اتوار کو کھیلے جائیں گے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS