نئی دہلی (ایجنسیاں): ملک میں موسم سرما کا آغاز ہو چکا ہے۔ سردی کا موسم آتے ہی کئی ریاستوں نے اسکولوں میں تعطیلات کا اعلان کرنا شروع کردیا۔ اترپردیش میں ہفتہ کو موسم سرما کی تعطیلات کے حوالے سے نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ اس سے قبل دہلی، ہریانہ، جھارکھنڈ، راجستھان اور جموں و کشمیر جیسی ریاستوں میں بھی موسم سرما کی تعطیلات کا کیلنڈر جاری کیا جا چکا ہے۔
اترپردیش کے ڈائریکٹر جنرل اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق، ریاست کے تمام اضلاع میں اسکول 31 دسمبر 2023 سے 14 جنوری 2024 تک بند رہیں گے۔ طلباکو 15 دن کی موسم سرما کی چھٹیاں دی گئی ہیں۔ محکمہ کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق اسکولوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ان تعطیلات کیلئے ہوم ورک دیں تاکہ طلبا اس دوران اپنی پڑھائی پر توجہ دے سکیں۔ ہریانہ میں موسم سرما کی تعطیلات یکم جنوری 2024 سے شروع ہوں گی اور 15 جنوری تک رہیں گی۔ ریاست میں اسکول 16 جنوری 2024 کو دوبارہ کھلیں گے۔
جھارکھنڈ میں تمام سرکاری اور نجی اسکول 26 دسمبر سے 31 دسمبر تک بند رہیں گے، تاہم بورڈ امتحانات کے طلباکیلئے کلاسز جاری رہ سکتی ہیں۔ راجستھان میں 25 دسمبر سے موسم سرما کی تعطیلات شروع ہوں گی۔ ریاست کے ثانوی تعلیمی بورڈ نے ٹویٹر پر ایک پوسٹ میں یہ جانکاری شیئر کی ہے۔
دہلی میں موسم سرما کی تعطیلات یکم جنوری 2024 سے شروع ہوں گی اور 6 دن تک جاری رہیں گی۔ یہاں آلودگی کی وجہ سے نومبر میں ا سکول بند کر دیے گئے تھے۔
مزید پڑھیں: حجاب پر عائد پابندی ہٹانے کا معاملہ ابھی زیر غور
جموں و کشمیر میں 11 دسمبر کو موسم سرما کی تعطیلات شروع ہو گئی تھیں، جہاں سخت سردی ہے۔ یہاں چھٹیاں 29 فروری 2024 تک جاری رہیں گی۔