بہار میں سیاسی اتھل پتھل کے درمیان سب کی نگاہیں نتیش پر

0
بہار میں سیاسی اتھل پتھل کے درمیان سب کی نگاہیں نتیش پر
بہار میں سیاسی اتھل پتھل کے درمیان سب کی نگاہیں نتیش پر

پٹنہ/نئی دہلی (ایجنسیاں): وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ممکنہ طور پر پانچویں بار اپنا پالا بدلنے کے پیش نظر انتہائی ڈرامائی سیاسی پیش رفت کے درمیان وہ ایک بار پھر ریکارڈ نویں بار وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا سکتے ہیں۔ اس بار وہ بی جے پی کے ساتھ مل کر 28 جنوری 2024 کوعہدے کا حلف لے سکتے ہیں۔ گزشتہ 3 سال سے بھی کم وقت میں دوسری بار پالا بدلنے کی جانب بڑھنے والے بہار کے وزیراعلیٰ اور جنتا دل (یونائیٹڈ) کے صدر نتیش کمار کی جانب سبھی کی نگاہیں ٹک گئی ہیں۔ لیکن وہ عظیم اتحاد کی فریق پارٹیوں کی اپیل کو نظر انداز کرتے ہوئے اس اتھل پتھل پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں اور ہمیشہ کی طرح اپنے کام میں مصروف ہیں۔ اس سیاسی غیر یقینی کی صوتحال کے درمیان ریاست کی تمام مرکزی دھارے کی سیاسی جماعتیں 27 جنوری کو پٹنہ میں اپنے اپنے ارکان اسمبلی کے ساتھ میٹنگیں کر رہی ہیں۔

راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) جس کے ساتھ کمار نے اگست 2022 میں مہاگٹھ بندھن (عظیم اتحاد) کی حکومت بنائی تھی، نے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو کی سرکاری رہائش گاہ پر اپنے قانون سازوں کے ساتھ میٹنگ کی۔ پارٹی کی جانب سے پارٹی سربراہ لالو پرساد کو اپنی طرف سے کوئی بھی فیصلہ لینے کا اختیار دیا گیا ہے۔ مہاگٹھ بندھن کی ایک اور اتحادی کانگریس بھی اپنے قانون سازوں کے ساتھ پورنیہ میں جمع ہے، جہاں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ 30 جنوری کو پہنچنے والی ہے۔ راہل گاندھی وہاں ایک جلسہ عام سے بھی خطاب کرنے والے ہیں۔

کانگریس لیڈر جے رام رمیش کے مطابق کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے نتیش کمار سے رابطہ کرنے کی کوشش کی ہے لیکن خبر لکھے جانے تک وہ بات نہیں کرسکے ہیں، کھرگے نے کلبرگی میں نامہ نگاروں سے یہ بھی کہا کہ انہیں مسٹر کمار کے استعفیٰ دینے اور این ڈی اے میں دوبارہ شامل ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ پارٹی نے چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل کو ریاست کا سینئر مبصر مقرر کیا ہے۔ ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہ بہار میں کانگریس کے کچھ ایم ایل اے موجودہ سیاسی صورتحال میں مسٹر کمار کے ساتھ رابطے میں ہیں، پارٹی کے ایم ایل اے شکیل احمد خان نے زور دے کر کہا کہ ’ہماری پارٹی کے تمام ایم ایل اے پہاڑ کی طرح مضبوطی کے ساتھ متحد ہیں۔‘، اور وہ ’اس طرح کی افواہوں سے پریشان‘ تھے۔ آر جے ڈی لیڈروں نے پارٹی کی میٹنگ کے لئے جاتے ہوئے میڈیا والوں کو بتایا کہ یہ ایک ’معمول کی میٹنگ‘ ہے اور انہیں ’اس بات کا کوئی اندازہ نہیں ہے کہ ریاست میں سیاسی طور پر کیا چل رہا ہے۔‘

پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ مسٹر یادو نے آر جے ڈی قانون سازوں سے کہا ہے کہ وہ موجودہ حکومت کے خلاف میڈیا میں کچھ نہ کہیں۔ ایک سینئر آر جے ڈی لیڈر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’آر جے ڈی یہ کہتے ہوئے ’وکٹم کارڈ‘ کا فائدہ اٹھانا چاہتی ہے کہ یہ نتیش کمار تھے۔ جنہوں نے ہم سے راہیں جدا کیں، آر جے ڈی نے نہیں‘، لیکن انہوں نے فوراً ہی یہ بھی کہا کہ ’حکومت کل بدل سکتی ہے۔‘ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ آر جے ڈی کوٹے سے نتیش کمار حکومت کے تمام وزرا نے اپنی سرکاری گاڑیاں حکومت کو واپس کردی ہیں۔ جے ڈی (یو) کی کور کمیٹی کے ارکان جیسے اشوک چودھری، وجے چودھری، سنجے جھا (نتیش کمار کی کابینہ کے تمام وزرا) اور مونگیر سے پارٹی کے رکن پارلیمنٹ راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ وزیراعلیٰ نتیش کمار سرکاری رہائش گاہ 1 اینے مارگ میں منعقدہ میٹنگ میں موجود تھے۔

بی جے پی بھی جس کے ساتھ کمار کل دوبارہ ہاتھ ملانے کے لیے تیار نظر آرہے ہیں، پٹنہ کے ایک ہوٹل میں پارٹی کے تمام سرکردہ رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کر رہی ہے۔ پارٹی کے بہار انچارج ونود تاوڑے کے ساتھ میٹنگ میں ریاستی پارٹی کے سینئر لیڈر جیسے سشیل کمار مودی، گری راج سنگھ، منگل پانڈے، نتیا نند رائے، ریاستی پارٹی صدر سمراٹ چودھری موجود تھے۔ دریں اثنا سرکاری ذرائع کے مطابق نتیش کمار اتوار کو راج بھون میں شام 4 بجے ریاست کے وزیر اعلیٰ کے طور پر پھر سے حلف لے سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: گیانواپی مسجد ہندوؤں کے حوالے کریں، مسجد کہیں اور لے جائیں: وی ایچ پی

ریاستی بی جے پی کے سینئر لیڈر اور پارٹی کے راجیہ سبھا ممبر سشیل کمار مودی بھی کمار کے ساتھ نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا سکتے ہیں۔ اس سے پہلے این ڈی اے حکومت میں سشیل مودی نائب وزیر اعلیٰ تھے اور وہ نتیش کمار کے قریبی مانے جاتے ہیں۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ نومبر 2005 کے بعدسے نتیش کمار کا نواں موقع ہوگا، اور 2020 میں بہار اسمبلی انتخابات کے بعد تیسری بار ہوگا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS