آئندہ سال تمام ٹول پلازہ ختم کردیے جائیں گے

0

امروہہ کے ممبر پارلیمنٹ کنور دانش علی کے سوال پرایوان میں وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری کا جواب
نئی دہلی (ایس این بی):مرکزی وزیر سڑک ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے جمعرات کو لوک سبھا میں کہا ہے کہ سرکار اگلے ایک سال میں سبھی ٹول پلازہ ختم کرنے کے منصوبہ پر کام کر رہی ہے۔انہوں نے وقفہ صفر کے دوران ایک زبانی سوال کے جواب میں کہا کہ سرکار اگلے ایک سال میں سبھی ٹول پلازہ ختم کرنے کے منصوبہ پر کام کر رہی ہے آنے والے دنوں میں تکنیک کی مدد سے لوگوں کو اتنا ہی ٹول ادا کرنا ہوگا، جتنا وہ سڑک پر چلیں گے ۔
یوپی کے امروہہ حلقہ سے بی ایس پی کے رکن پارلیمنٹ کنور دانش علی نے گڑھ مکتیشور کے پاس سڑک پر نگر نگم کی سرحد میں ٹول پلازہ ہونے کا معاملہ اٹھایا۔انہوں نے کہا کہ ان کے پارلیمانی حلقہ گڑھ مکتیشور برج گھاٹ، جسے مغربی اتر پردیش کا ہری دوار کہا جاتا ہے،یہاں پر میونسپلٹی کے بیچ میں ٹول بنا دیے گئے ہیں اور آتے جاتے لوگوں سے ٹول وصول کیاجاتا ہے، جو نہیں ہونا چاہئے۔عام طور پر ٹول ہر 60کلو میٹر پر لیا جاتا ہے، لیکن یہاں ٹول میونسپلٹی کے بیچ آنے اور ہر مہینے پورنماسی پر لاکھوں عقیدت مند آنے کے باوجود 40کلو میٹر پر ٹول وصول کیا جارہا ہے۔
کنور دانش علی نے گنگا کے پل برج گھاٹ کی مرمت کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہاں مرمت کام پچھلے 4سال سے چل رہا ہے۔ ایک طرف سے پل بند ہے، جس کی وجہ سے سیکڑوں حادثات ہوچکے ہیں۔پچھلے سال 6جون کو وزیر موصوف کا جواب آیا تھا کہ یہ کام دسمبر 2020 تک پورا ہوجائے گا۔پچھلے 2فروری کو مجھے ایک اور جواب آیا کہ پل کی مرمت کا کام پورا ہوچکا ہے، لیکن 8مارچ کی میٹنگ میں افسروں نے مجھے بتایا کہ اس میں 6مہینے مزید لگیں گے۔کنور دانش علی کے سوال کے جواب میں نتن گڈکری نے کہا کہ اگر ہم ٹول پلازہ بند کردیں تو سڑک کی تعمیراتی کمپنیاں ہم سے معاوضے کا مطالبہ کریں گی۔ لیکن حکومت کا ارادہ ہے کہ اگلے سال کے اندر تمام ٹول پلازے ختم کردے۔ٹول کو ختم کرنے کا مطلب ہے ٹول گیٹ کو ختم کرنا ہے۔حکومت فی الحال ایک ایسی ٹکنالوجی پر کام کر رہی ہے، جس کے استعمال سے آپ کے سفر کو آسان بنایا جائے گا، جہاں آپ شاہراہ پر داخل ہوتے ہی جی پی ایس کی مدد سے آپ کی تصویر لی جائے گی، جہاں سے آپ شاہراہ سے باہر نکلتے ہیں، وہاں سے بھی ایک دوسری تصویر لی جائے گی۔ گڈکری نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ جب بھی آپ شاہراہ پر سفر کرتے ہیں یا سڑک کا استعمال کرتے ہیں تو آپ کو ایک ہی ٹول ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری نے بتایا کہ جی پی ایس کا استعمال کرتے ہوئے سفر کے دوران ٹول ٹیکس کا حصول آپ کے بینک اکاؤنٹس کے ذریعہ کیاجائے گا،جس سے شفاف ٹرانزیکشن کو یقینی بنایاجائے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS