’پران پرتشٹھا‘ سے چاروں شنکرآچاریہ نے بنائی دوری، تقریب کے خاکہ پر اٹھایا

0
’پران پرتشٹھا‘ سے چاروں شنکرآچاریہ نے بنائی دوری، چاروں نے تقریب کے خاکہ پر اٹھایا
’پران پرتشٹھا‘ سے چاروں شنکرآچاریہ نے بنائی دوری، چاروں نے تقریب کے خاکہ پر اٹھایا

نئی دہلی (ایجنسیاں): کانگریس کی لیڈر سونیاگاندھی اورملکارجن کھرگے کی طرف سے رام مندر کی ’پران پرتشٹھا‘ میں شرکت سے انکار کے بعد اب پوری پیٹھ کے شنکرآچاریہ سوامی نشچلانند سرسوتی کے بعد دوارکا پیٹھ کے شنکرآچاریہ سوامی ایوی مکتیشورانند نے بھی ’پران پرتشٹھا‘ تقریب کی مخالفت کی ہے۔ اس کے علاوہ 2 دیگر شنکرآچاریوں نے بھی بیانات دیے ہیں اور پروگرام میں شرکت سے صاف طور پر انکار کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ رام مندر کی ’پران پرتشٹھا‘ تقریب کا دعوت نامہ فی الحال ملک میں بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔ مرکز کی بی جے پی حکومت پر الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ وہ ایودھیا میں 22 جنوری کو منعقد ہونے جا رہی اس تقریب کے ذریعہ ووٹ بینک کی سیاست کر رہی ہے۔ پران پرتشٹھا کے عظیم الشان پروگرام میں وزیر اعظم مودی سمیت کئی اہم لوگ شرکت کریں گے لیکن حیران کن بات یہ ہے کہ ہندو مت میں اہم مقام رکھنے والے چاروں شنکرآچاریوں نے پران پرتشٹھا تقریب کے خاکہ پر سوال اٹھاتے ہوئے خود کو اس سے علیحدہ کر لیا ہے۔

پران پرتشٹھا کی سخت مخالفت کرتے ہوئے پوری پیٹھ کے شنکرآچاریہ سوامی نشچلانند سرسوتی نے کہاکہ ہم اس تقریب میں تالی بجانے نہیں جائیں گے۔ سوامی نشچلانند سمیت چاروں شنکرآچاریوں کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں رام للا کی پران پرتشٹھا تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ ملا ہے، لیکن انہیں صرف ایک شخص کے ساتھ آنے کو کہا گیا ہے۔نشچلانند نے یہاں تک کہا کہ اگر مجھے 100 لوگوں کے ساتھ آنے کی دعوت دی جاتی تب بھی میں اس پروگرام میں نہ جاتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ مودی وہاں مورتی کو چھوئیں اور وہ ان کیلئے کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں اور جے کا نعرہ لگائیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ پہلے بھگوتی سیتا کو اپنی بڑی بہن مانتے تھے،لیکن وہ خود چھوٹی بہن بننے کو ترجیح دیتی ہیں۔ ان کا رشتہ کوئی نہیں توڑ سکتا۔ ایسی حالت میں ایودھیا سے گریز نہیں کیا جا سکتا۔وہیں، شاردا پیٹھ کے شنکرآچاریہ سدانند سرسوتی نے بھی پران پرتشٹھا کے طریقہ کار پر سوالات اٹھائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام رام مندر کے بارے میں نہیں ہے، بلکہ ووٹوں کے بارے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوش کے نامناسب مہینے میں ’پران پرتشٹھا‘ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا! شنکرآچاریہ نے کہا کہ یہ ایک ایسا پروگرام ہے جو براہ راست بی جے پی کے سیاسی مفادات کو پورا کرنے کیلئے منعقد کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم مودی کی چادر درگاہ اجمیر شریف کیلئے روانہ

سدانند سرسوتی کے اس ویڈیو کو کانگریس کی قومی ترجمان سپریہ شرینیت نے فیس بک پر شیئر کیا ہے۔ہندو مہاسبھا اتر پردیش نے بھی ایک ویڈیو شیئر کیا ہے۔ اس ویڈیو کو سرینگری مٹھ کے شنکرآچاریہ جگت گرو سوامی بھارتی تیرتھ سے منسوب کیا گیا ہے۔ ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شنکرآچاریہ رام للا کی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔ کہا گیا ہے کہ یہ ہندو برادری کو بیوقوف بنانے اور لوک سبھا انتخابات سے قبل پروپیگنڈہ کرنے کیلئے بی جے پی کا اسپانسرڈ پروگرام ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS