ایئر انڈیا کے طیارہ میں آتشزدگی ، مسافروں کو ہنگامی طور پر نکالا گیا

0

مسقط، (ایجنسیاں) :بدھ کو مسقط بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایئر انڈیا ایکسپریس کے طیارہ سے دھواں اٹھنے لگا۔ کوچین جانے والی ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز IX422 کے انجن نمبر 2 میں آگ لگنے اور دھواں نکلنے کے بعد بدھ کو 140 سے زیادہ مسافروں کو باہر نکالنا پڑا۔ اومان میں مقامی میڈیا رپورٹس کے
مطابق اس حادثہ میں تقریباً 14 افراد زخمی ہوگئے۔ حکام نے بتایا کہ مسافر بردار طیارے سے دھواں نکلنے کے بعد مسافروں کو سلائیڈ پر ایئر انڈیا ایکسپریس
طیارے سے باہر نکالا گیا۔ حکام نے بتایا کہ طیارے کو بدھ کی صبح کوچی کے لیے روانہ ہونا تھا لیکن اس سے پہلے ہی حادثہ پیش آگیا۔ واضح رہے کہ مسقط عمان کا دارالحکومت ہے۔اس پیشرفت سے باخبر ایک عہدیدار نے کہا کہ ’VT AXZ کے طور پر رجسٹرڈ طیارہ B737-800 مسقط میں ٹیک آف کے
لیے تیار تھا جب دھوئیں اور انجن نمبر 2 میں آگ لگنے کا پتہ چلا۔ حالانکہ تمام مسافروں (141+4 بچوں) کو محفوظ نکال لیا گیا۔‘ عہدیدار نے کہا کہ ’
مسافروں کو ٹرمینل کی عمارت میں لے جایا گیا ہے اور انہیں واپس لانے کے لیے ایک امدادی پرواز کا انتظام کیا جائے گا۔‘ دراصل جب ایئر انڈیا ایکسپریس کی مسقط-کوچی فلائٹ پرواز کے دوران رن وے پر تھی تو اس میں دھواں کا پتہ چلا۔ جس کے بعد ایمرجنسی میں مسافروں کو سلائیڈ کے ذریعہ باہر نکالا گیا۔ طیارے پر 141 مسافر اور عملہ کے 6 افراد سوار تھے۔ سب کو نکال لیا گیا ہے اور وہ سب محفوظ ہیں۔سول ایوی ایشن ڈائریکٹوریٹ جنرل (ڈی جی سی اے) نے ایک
بیان میں کہا کہ ’مسافروں کے لیے دوسری پرواز دستیاب کرائی جائے گی۔‘ ڈائرکٹر جنرل (ڈی جی سی اے) ارون کمار نے کہا کہ ’ہم تحقیقات کریں گے اور مناسب کارروائی کریں گے۔‘ وزارت ہوا بازی کے حکام نے بتایا کہ ایک ماہر نے انجن میں آگ لگنے کی اطلاع دی جس کے بعد تمام ضروری کارروائی کی
گئی اور مسافروں کو نکالنے کے لیے ٹیکسی وے پر سلائیڈیں لگائی گئیں۔ واضح رہے کہ 2 ماہ قبل کالی کٹ سے دبئی جانے والی ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز کو جلنے کی بو آنے پر مسقط کی طرف موڑنا پڑا تھا۔ حالانکہ بعد میں کسی سنگین واقعہ کے آثار نظر نہیں آئے تھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS