لولی پروفیشنل یونیورسٹی میں طالب علم کی خودکشی کے بعد احتجاج

0

جالندھر:(یو این آئی) لولی پروفیشنل یونیورسٹی کے کیمپس میں منگل کی دیر رات ہاسٹل کے کمرے میں ایک طالب علم کی مبینہ طور پر خودکشی کے بعد احتجاج ومظاہرہ شروع ہوگیا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر ان پر ہلکے لاٹھی چارج کا استعمال کیا۔کپورتھلا کے ایس ایس پی نونیت سنگھ بینس نے بتایا کہ متوفی کی شناخت کیرالہ کے رہنے والے اگون کے طور پر کی گئی ہے۔ وہ ایل پی یو میں بی ڈیزائن کے پہلے سال میں پڑھ رہا تھا۔ موقع سے ایک خودکشی نوٹ بھی برآمد ہوا ہے جس میں خودکشی کی وجہ صرف ذاتی وجوہات بتائی گئی ہیں۔پنجاب پولیس کے ایک اہلکار نے ٹویٹر پر کہا، “ہمیں 20 ستمبر کو شام 5.30 بجے کے قریب اطلاع ملی کہ لولی پروفیشنل یونیورسٹی میں بی ڈیزائن فرسٹ ایئر کے طالب علم نے خودکشی کر لی ہے۔ ہم موقع پر پہنچے اور ایک خودکشی نوٹ برآمد کیا جس میں ذاتی وجوہات کا حوالہ دیا گیا تھا۔”
پولیس افسر نے کہا، ’’ہمیں جائے وقوع سے ایک خودکشی نوٹ ملا ہے جس میں طالب علم نے اپنے انتہائی قدم کے پیچھے کچھ ذاتی وجہ بتائی ہے۔ ہم نے متوفی کے اہل خانہ کو مطلع کر دیا ہے اور وہ جلد ہی یہاں پہنچ جائیں گے۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔”
طالب علم کی موت کی خبر موصول ہوتے ہی منگل کی رات دیر گئے طلبہ کی بڑی تعداد کیمپس کے پہلے سال کے طالب علم کی خودکشی کے خلاف جمع ہوگئی۔ طلباء نے ‘ہمیں انصاف چاہئے’ کا نعرہ لگاتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
ایل پی یو کے عہدیداروں سے اطلاع ملنے کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور مظاہرین طلباء کو پرسکون کرنے کی کوشش کی۔ تاہم پولیس کو حالات پر قابو پانے کے لیے ہلکے لاٹھی چارج کا سہارا لینا پڑا کیونکہ طلبہ نے ہلنے سے انکار کر دیا۔ پولیس نے طالب علم کی موت کی مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔
دریں اثنا لولی پروفیشنل یونیورسٹی کے حکام نے واقعہ کے حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے طالب علم کی موت پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ایل پی یو کے بیان میں کہا گیا ہے، “ایل پی یو اس افسوسناک واقعے سے غمزدہ ہے۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش اور خودکشی نوٹ کا مواد متوفی کے ذاتی مسائل کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ یونیورسٹی مزید تحقیقات کے لیے حکام کو مکمل تعاون فراہم کر رہی ہے۔ یونیورسٹی طالب علم کے نقصان پر سوگوار ہے اور سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔”پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کے لواحقین کے آج پہنچنے کی توقع ہے اور ان کے پہنچنے کے بعد ہی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ان کے حوالے کی جائے گی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS