قومی تعلیمی پالیسی-2020 کونافذکرنے والی مدھیہ پردیش پہلی ریاست:یادو

0

بھوپال:(یواین آئی) مدھیہ پردیش کے وزیر تعلیم موہن یادو نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں رواں سال سے قومی تعلیمی پالیسی نافذ کی جائے گی۔ ابھی گریجویشن لیول کے پہلے سال کے لئے پالیسی کے التزامات کونافذکیا جارہا ہے۔مسٹریادو صحافیوں سے آج ریاست میں مجموعی اندراج تناسب اور محکمانہ سرگرمیوں کے تعلق سے بات کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی کے تعلق سے محکمہ کے ذریعہ بنائی گئی ٹاسک فورس نے دیگرریاستوں کے اعلیٰ تعلیمی نظام کامطالعہ کیا اورقومی تعلیمی پالیسی کاایکشن پلان بنایاہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کو زیادہ روزگار پر مبنی بنانے کے لئے سرٹیفکیٹ، ڈپلومہ اور ووکیشنل کورسز شروع کئے جارہے ہیں۔ اس سال کالجوں میں 177 ڈپلومہ اور282 سرٹیفکیٹ کورسز شروع کئے جائیں گے۔
اعلی تعلیم کے وزیرنے کہا کہ 79 مضامین کے سال اول کے کورسز تیارکئے گئے ہیں، جس میں طلبہ کواختیاری مضامین کے انتخاب کا موقع دیا جائے گا۔ قومی تعلیمی پالیسی کے مطابق ایک سال میں سرٹفیکٹ، دوسال میں ڈپلومہ اور تین سال میں ڈگری سمیت ملٹیپل انٹری، ملٹیپل اگزٹ سسٹم اورچوائس بیسڈ کریڈٹ سسٹم (سی بی سی ایس) بھی نافذکیاجارہا ہے۔ رواں سال بنیادی نصاب میں یوگا اورمیڈیٹیشن کے نصاب بھی جوڑے گئے ہیں۔
گزشتہ 5 سالوں میں مدھیہ پردیش میں مجموعی اندراج تناسب (جے ای آر) میں مسلسل نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ آل انڈیا سروے آن ہائر ایجوکیشن (اے آئی ایس ایچ ای) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں گزشتہ پانچ سالوں میں جے ای آر میں 4.5 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سال 2015-16 میں جے ای آر 19.6 تھا، جو 2019-20 میں 24.2 تک پہنچ گیا ہے۔ سال 2019-20 میں 5.36 لاکھ طلباء نے گریجویشن کے پہلے سال اور پوسٹ گریجویشن کے پہلے سمسٹر میں داخلہ لیا تھا۔ اس کے بعد پچھلے سال 20-21 میں، 5.64 لاکھ طلباء نے ان کلاسوں میں داخلہ لیا۔ اس سال توقع ہے کہ یہ ریکارڈ بھی نیا بنے گا۔
مسٹر یادو نے کہا کہ ایم پی اب بھی قومی اوسط جے ای آر (27.1) سے قدرے پیچھے ہے۔ لیکن اس سال امید ہے کہ ہم اس فرق کو ختم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ اعلی تعلیم میں آنے والے سیشن سے جی ای آر بڑھانے کے لیے کئی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سال 2020-21 میں 12ویں کلاس میں مدھیہ پردیش بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن، اوپن بورڈ اور سی بی ایس ای سے تقریبا ریاست میں 8.23 ​​لاکھ طلباء پاس ہوئے ہیں۔ اس تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ نے نجی اور سرکاری کالجوں میں نشستوں میں 25 فیصد اضافہ کیا ہے۔
قومی تعلیمی پالیسی میں سال 2035 تک ملک میں جی ای آر کو 50 فیصد تک لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے مدھیہ پردیش میں کام شروع کر دیا گیا ہے۔ ایسے لڑکے اورلڑکیاں جوباقاعدہ طلبہ کے طورپر پڑھنے کے اہل نہیں ہیں یاکام کاج میں مصروف ہیں انہیں اعلیٰ تعلیم مہیاکرانے کے لئے 134 سرکاری کالجوں میں ایم پی بھوج اوپن یونیورسٹی کے مطالعاتی مراکز کھولے گئے ہیں اور 84 نئے مراکز تجویز کیے گئے ہیں۔ پرائیویٹ کالجوں میں اسٹڈی سنٹرز کھولے جانے کے لئے تجویز بھی زیر غور ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS