نوجوانوں کے مستقبل سے کھلواڑ کرنے والوں کیخلاف ہوگی کارروائی:یوگی

0

لکھنؤ،(یواین آئی) : اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کو نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کسی بھی قسم کا کھلواڑ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا اور کہا کہ ریاست کے نوجوانوں کو تکنیکی زاویہ سے دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لئے آج اس ٹیبلٹ اور اسمارٹ فون تقسیم کے عمل کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔ آج یہاں بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی اکانا اسٹیڈیم میں تقریب ٹیبلٹ اور اسمارٹ فون تقسیم سے خطاب کرتے ہوئے یوگی نے کسی کا نام لئے بغیر طنز کسا کہ ’ 12بجے سوکر اٹھنے والے نوجوان نہیں ہے۔ کورونا بحران میں ریاستی باشندوں کو گمراہ کر کے ویکسین کی مخالفت کرنے والے نوجوان نہیں ہیں۔ یہ ٹائرڈ اور ریٹائرڈ ہیں، ان سے کوئی توقع نہ رکھنا۔ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی جینتی کے موقع پر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ریاست کے 75 اضلاع سے آنے والے ایک لاکھ طلبا و طالبات کے درمیان مفت ٹیبلٹ و اسمارٹ فون تقسیم کیے۔اس موقع پر مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان، اولمپک میں میڈل حاصل کرنے والی میرابائی چنو اوریوگی کابینہ کے متعدد وزرا موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2017 سے قبل جب کبھی بھی سرکاری تقرریاں نکلتی تھیں ایک مخصوص خاندان کے لوگ ہاتھ میں تھیلا لے کر وصولی کے لئے نکل پڑتے تھے۔پہلے تقرریوں میں اقربا پروری کا دور دورہ تھا۔ ایک مخصوص ذات کو ترجیح دی جاتی تھی لیکن جب ہم اقتدار میں آئے تو ہم نے کہا کہ جو بھی نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کرے گا اس سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔ اس دوران یوگی نے دعویٰ کیا کہ ان کی میعاد کار میں ریاست کے 60 لاکھ نوجوانوں کو خود کے کاروبار سے جوڑا گیا ہے۔ سال 2017 سے پہلے ریاست میں بے روزگار کی شرح تقریباً 18 فیصد تھی جو آج کم ہوکر 4.5 فیصد ہوگئی ہے۔ یہ اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ ہماری کوششیں صحیح سمت میں جارہی ہیں۔ سوچ ایماندار تو کام دمدار، جب حکومت کی نیت صاف ہوتی ہے تو اس وقت کام بھی دمدار ہوتا ہے۔
یوگی نے اٹل بہاری واجپئی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’اٹل جی کہا کرتے تھے کہ اصولوں سے پرے سیاست موت کاپھندا ہوتی ہے۔ جو شخص اصولوں و اقدار کو لے کر سماجی مفاد میں آگے بڑھتا ہے، اسی کی زندگی کامیاب اور ترغیب کا باعث ہوتی ہے۔ اٹل جی کی پوری زندگی مفاد عامہ و ملک کے فلاح کے لئے وقف تھی۔ اٹل جی نے ہندوستانی سیاست کی 6 دہائیوں تک صفائی و شفافیت کے ساتھ ایک نئی سمت دینے کی کوشش کی تھی، وہ ہندوستانی باشندوں و ہر ایک عوامی نمائندہ کے لئے ہمیشہ باعث ترغیب ہوگا۔ ان سے رغبت ہم سب کو لگاتار نئی سمت دیتی رہتی ہے۔یوگی نے اٹل بہار واجپئی و بنارس ہندویونیورسٹی کے موسس پنڈت مدن موہن مالویہ کی جینتی پر دونوں بزرگوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر فروغ انسانی وسائل کے وزیر دھرمیندر پردھان نے کہا کہ ’ ڈبل انجن کی حکومت میں یوپی جس انداز میں ترقی کی جانب آگے بڑھ رہا ہے، یہ کہا جاسکتا ہے کہ اگر یوپی ملک ہوتا تو وہ چھٹے نمبر پر ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ آج نوجوانوں میں جو ٹیبلیٹ اور فون تقسیم کیے جارہے ہیں وہ نوجوانوں کی زندگی میں تبدیلی لائیں گے۔ اب آپ ملک و بیرون ملک سے متعلق تمام اطلاعات سیکنڈوں میں موصول کریں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS