وزیراعلیٰ سدارمیا کے خلاف کارروائی پرسپریم کورٹ کی روک

0
وزیراعلیٰ سدارمیا کے خلاف کارروائی پرسپریم روک
وزیراعلیٰ سدارمیا کے خلاف کارروائی پرسپریم روک

نئی دہلی، (یو این آئی): سپریم کورٹ نے 14 فروری 2022کو بنگلورو میں منعقدہ احتجاج سے متعلق ایک معاملے میں کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا اور کئی دیگر کانگریس لیڈروں کے خلاف شروع کی گئی مجرمانہ کارروائی پر پیر کو روک لگا دی۔

جسٹس ہرشیکیش رائے اور پرشانت کمار مشرا کی بنچ نے مسٹر سدارمیا اور دیگر کی طرف سے کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی درخواستوں پر فریقین کے دلائل سننے کے بعد یہ حکم دیا۔بنچ نے ہائی کورٹ کی فوجداری کارروائی کے ساتھ ساتھ درخواست گزاروں پر عائد جرمانے کی رقم کو روک دیا۔سپریم کورٹ نے اس کیس کے دیگر ملزمان اور چیف منسٹر کے کابینہ کے ساتھیوں ایم بی پاٹل اور راملنگا ریڈی کے علاوہ کانگریس کے سینئر لیڈر رندیپ سنگھ سرجے والا کو بھی راحت دی۔

بنچ نے درخواستوں پر کرناٹک حکومت کو بھی نوٹس جاری کیا اور اسے6 ہفتوں کے اندر اپنا موقف پیش کرنے کی ہدایت دی۔ بنچ کے سامنے عرضی گزاروں کی نمائندگی کرنے والے سینئر وکلاء کپل سبل، ابھیشیک منو سنگھوی اور سدھارتھ لوتھرا نے دلیل دی کہ جمہوریت میں آزادی اظہار اور احتجاج کا حق سب سے اہم ہے۔ ایسے مظاہرے پر مجرمانہ مقدمہ چلانا غیر آئینی ہے۔

سینئر وکلا نے بنیادی طور پر کہا کہ شہریوں کے جمع ہونے اور احتجاج کرنے کے حق کو صرف اسی صورت میں روکا جا سکتا ہے، جب امن وامان کی صورت حال متاثر نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ (اس وقت کی) حکمران حکومت کے خلاف کسی مجرمانہ ارادے کے بغیر پرامن سیاسی احتجاج کو دبایا نہیں جا سکتا۔عرضی گزاروں نے کرناٹک ہائی کورٹ کے 6فروری 2024کے حکم کو چیلنج کیا ہے، جس نے کچھ دوسرے لیڈروں کے ساتھ ان کے خلاف درج مجرمانہ کارروائی کو منسوخ کرنے کی ان کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔ یہی نہیں عدالت کا قیمتی وقت ضائع کرنے پر درخواست گزاروں کو 10ہزار روپے ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔انہوں نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا ہے کہ موجودہ کارروائی قانون کے عمل کے غلط استعمال کے سوا کچھ نہیں ہے۔

مبہم الزامات پر مبنی کارروائی غیر مناسب ہراساں کرنے کے مترادف ہوگی۔درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ واقعہ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے کی شکایت کی گئی ہے اور جلوس کے کسی رکن کے خلاف کوئی پرتشدد کارروائی یا مجرمانہ طاقت کے استعمال کا الزام نہیں لگایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: دلتوں، قبائلیوں اور اونچی ذات کے غریبوں کے ساتھ خوفناک ناانصافی ہو رہی ہے: راہل گاندھی

اس طرح، یہ دلیل دی گئی ہے کہ ایسے ’معمولی‘واقعات پر کارروائی کو آگے بڑھانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی جہاں کوئی واضح الزام نہ ہو۔یہ احتجاج ایک سول کنٹریکٹر کی موت کے بعد اس وقت کے وزیر کے ایس ایشورپا کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کیا گیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS