عبایا ‘تہذیب اور فیشن کا حسین امتزاج

0

راحیلہ مغل
عبایا عورت کی شخصیت کو پُرکشش اور خوبصورت بناتا ہے ساتھ ہی پردے کا مقصد بھی پورا کرتا ہے‘ مگر یہ ضروری نہیں کہ پردے کے ساتھ ساتھ فیشن نہ کیا جا سکے،آج ہم آپ کو عبائے کے چند ایسے ڈیزائن بتائیں گے جو فیشن میں بھی ہیں اور یہ آپ کی شخصیت کو بھی دوسروں سے الگ بنا سکتے ہیں۔ویسے بھی گرمیوں کے سیزن میں جہاں خواتین پہننے کیلئے ہلکے پھلکے کپڑے خریدتی ہیں،وہیں ان کی کوشش ہوتی ہے کہ عبایا بھی موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے خریدے جائیں۔
چونکہ ہمارے یہاں گرمی کا موسم سال کے 8 یا 9 ماہ رہتا ہے،یہی وجہ ہے کہ خواتین کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ایسا عبایا خریدیں،جسے پہننے کے بعد انہیں گرمی بھی نہ لگے۔اب چونکہ عبایا کا فیشن بھی ”اِن“ ہے،کئی عرب ممالک میں خواتین کی اکثریت عبایا پہنتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ عبایا کے فیشن بھی تبدیل ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔
اب تو عبایا کے فیشن شوز بھی منعقد کئے جاتے ہیں،جس میں خواتین کو رواں سال کے عبایا فیشن کے بارے میں بتایا جاتا ہے،تاکہ جب بھی اپنے لئے وہ عبایا خریدیں،فیشن کو مدنظر رکھتے ہوئے خریدیں۔
سال 2022ء میں کس انداز کے عبائے فیشن میں ”اِن“ رہے،آئیے اس بارے میں بات کرتے ہیں۔ہم آپ کو کچھ بہترین عبایا اسٹائل کے بارے میں بتاتے ہیں جو آپ کے انداز کو منفرد بنا سکتے ہیں۔
مراکش اسٹائل عبایا:مراکش کے کپڑے اتنے پُر آسائش،آرام دہ اور پرسکون سمجھے جاتے ہیں کہ ہر کوئی انہیں پہننا پسند کرتا ہے،ساتھ ہی یہ ٹرینڈنگ فیشن بھی ہے یہ ایک نرم و ملائم کپڑے پر نازک سی بیل (لیس) لگا کر تیار کیا جاتا ہے اس کی سادگی ہی اس کی پہچان ہے،حجاب الحریم ایک نامور عبایا برینڈ ہے جس کامراکش اسٹائل عبایا بے حد مقبول ہے۔
کفتان اسٹائل عبایا:دوسراسب سے مقبول اور سب سے بہترین عبایا کفتان اسٹائل عبایا ہے یہ لمبے چوڑے عبائے ہوتے ہیں اور انہیں آپ اپنی مرضی کے مطابق سیٹ کر سکتے ہیں انہیں پہننا اور سنبھالنا آسان ہے یہ عام تقاریب کے علاوہ شادی بیاہ میں بھی استعمال کئے جا سکتے ہیں،زیادہ تر لوگ کفتان عبایا پہنتے ہیں کیونکہ یہ لمبا،آرام دہ اور پرسکون ہوتا ہے شادی بیاہ میں پہننے کے لئے اس پر کڑھائی بھی ہوتی ہے،المیرہ ایک معروف فیشن برینڈ ہے جس کے عبائے منفرد اور خوبصورت ہوتے ہیں۔
فلورل اسٹائل عبایا:یہ عبائے اپنے آپ میں ہی منفرد ہوتے ہیں،ہلکے شیفون کے کپڑے پر خوبصورت اور رنگ برنگے پھولوں کا پرنٹ ان کی خوبصورتی میں چار چاند لگا دیتا ہے،فلورل عبائے خوبصورتی کو بڑھاتے ہیں اور اپنے پھولوں اور رنگوں کی بنا پر دلکش نظر آتے ہیں۔
بٹرفلائی (تتلی) اسٹائل عبایا :بٹرفلائی عبایا بہت ہی حسین اور مختلف ہوتا ہے آج کل خواتین کو یہ عبایا بے حد پسند ہے کیونکہ وہ اس میں خود کو پُرسکون محسوس کرتی ہیں،یہ اپنی تتلی کے پروں جیسی منفرد خصوصیت کی وجہ سے ڈھیلے اور آرام دہ ہوتے ہیں دوسرا یہ کہ بہت ہی فیشن میں بھی رہتے ہیں یہ تتلی عبائے ریشم،شیفون اور سلک کے کپڑوں کا استعمال کرکے بنائے جاتے ہیں۔
ایسی خواتین جن کا وزن زیادہ ہے اور وہ عبایا خریدنے کی خواہشمند ہیں،ایسی خواتین کو بٹرفلائی کٹ عبایا خریدنا چاہئے۔بٹرفلائی میں آستین سے لے کر نیچے تک عبایا ڈھیلا سا ہوتا ہے،جس سے پہننے والے کی جسم کی ساخت نمایاں نہیں ہوتی۔چوڑے شانے رکھنے والی خواتین کیلئے بھی ایسا ہی عبایا خریدنا مناسب رہتا ہے،کیونکہ اس سے ان کے چوڑے شانے نمایاں نہیں ہوتے۔آج کل بہت سے رنگوں میں بٹرفلائی عبایا دستیاب ہیں،پیازی یا گلابی رنگ کا ایسا عبایا خریدیں،جس کے کناروں پر کالے رنگ کا بارڈر بنا ہوا ہو،ساتھ ہی اس پر کالے رنگ کے موتی جگہ جگہ ٹانکے گئے ہوں،اس انداز کے عبایا زیادہ وزن کی حامل خواتین پر بہت جچیں گے۔
بیٹ ونگ اسٹائل عبایا:وہ خواتین جو لمبی اور بڑی آستین پہننا پسند کرتی ہیں انہیں عبائے کا یہ اسٹائل بے حد اچھا لگتا ہے کیونکہ اس اسٹائل میں بیٹ ونگ یعنی لمبے چوڑے پنکھ جیسی آستین ہوتی ہیں جو ایک بہترین اسٹائل اور فیشن کو نمایاں کرتی ہیں ، المیرہ فیشن برانڈ کا بیٹ ونگ اسٹائل عبایا نہایت دلکش رنگ اور اسٹونز کا استعمال کرکے تیار کیا جاتا ہے۔
پرنٹڈ عبایا:پرنٹد عبایا کی وسیع ورائٹی ان دنوں مارکیٹ میں موجود ہے،ایسے عبایا دیکھنے میں منفرد سے لگتے ہیں۔اس طرح کے عبایا دبلی پتلی خواتین پر زیادہ اچھے لگتے ہیں،چیتا پرنٹ ہو پھولوں والا پرنٹ،یہ دبلی خواتین کے سراپے کو زیادہ واضح ہونے نہیں دیتا۔دبلی خواتین ایسے عبایا بھی خرید کر پہن سکتی ہیں،جن میں ریاضی کی مختلف اشکال جیسے گول،چوکور وغیرہ گہرے رنگوں میں پرنٹ کئے گئے ہوں۔ایسے عبائے بھی دبلی خواتین کے سراپے پر اچھے لگتے ہیں،اس انداز کے عبایا پہن کر وہ کسی بھی شادی کی تقریب میں بھی جا سکتی ہیں اور منفرد نظر آ سکتی ہیں۔ اس سیزن کے دوران پرنٹڈ عبایا زیادہ پسند کیا جا رہا ہے۔ہلکی جارجٹ یا نادا (Nada) کپڑے سے تیار کردہ عبایا بھی پہننا جا رہا ہے۔نادا کپڑے کی خاصیت یہ ہوتی ہے کہ اسے استری کرنے کی خاص ضرورت نہیں ہوتی،اس لئے اگر اسے ایک مرتبہ اچھی طرح استری کرکے ہینگ کر لیا جائے تو اسے کئی مرتبہ بغیر استری کے بھی پہنا جا سکتا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS