6ہزار کروڑ کے گھوٹالے کیخلاف ایل جی ہائوس پر مظاہرہ

0

نئی دہلی (ایس این بی ) :عام آدمی پارٹی نے بی جے پی کی قیادت والی ایم سی ڈی میں 6ہزار کروڑ روپے کے ٹول ٹیکس گھوٹالے کو لے کر جمعہ کو ایل جی ہائوس پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جس میں آپ کے ایم سی ڈی انچارج درگیش پاٹھک ،شمالی، جنوبی اور مشرقی ایم سی ڈی کے سابق اپوزیشن لیڈر اور بڑی تعداد میں پارٹی کارکنوں نے حصہ لیا۔ مظایرین نے بی جے پی کے گھوٹالے کے خلاف نعرے لگائے اور ایل جی سے سی بی آئی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔ اس موقع پر ایم سی ڈی میںسابق اپوزیشن وکاس گوئل،پریم چوہان اورمنوج تیاگی نے مشترکہ طور پر کہا کہ اگر ایل جی صاحب اس گھوٹالے کی جانچ نہیں کراتے ہیں تو یہ واضح ہو جائے گا کہ وہ صرف بی جے پی کے نمائندے ہیں جو دہلی کا نہیں بلکہ بی جے پی کا مفاد چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت والی ایم سی ڈی نے 6ہزار کروڑ روپے کا ٹول ٹیکس گھوٹالہ کرکے دہلی کے لوگوں کو دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم سی ڈی میں اتنا بڑا گھوٹالہ ہوگیا لیکن ایل جی نے ابھی تک اس معاملے میں سبی آئی انکوائری کا حکم نہیں دیا جبکہ اس کے برعکس آپ سرکار اور اس کے لیڈروں پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات پر فوری انکواری کرائی جا رہی ہے۔ آزاد پور منڈی کے چیئرمین اور آپ کے سینئر لیڈرعادل احمد خان نے کہا کہ آج ہم سبھی ایل جی صاحب کے گھر کے باہر ایم سی ڈی کے ٹول ٹیکس میں بی جے پی کی طرف سے کی گئی بڑی بدعنوانی کے خلاف سی بی آئی انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے آئے ہیں۔ بی جے پی نے دہلی کے ٹول ٹیکس میں ہزاروں کروڑ بدعنوانی کی ہے۔ ہمارا احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ایل جی صاحب سی بی آئی انکوائری نہیں کراتے ہیں۔عادل خان نے کہا کہ دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے ایل جی کو خط لکھ کر معاملے کی سی بی آئی انکوائری کا مطالبہ کیا، لیکن بی جے پی کسی بھی بدعنوانی کی تحقیقات کے لیے تیار نہیں ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS