’آپ‘نے دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات کےلئے جاری کی پہلی لسٹ

0
image:businessstandard

نئی دہلی (ایس این بی ): عام آدمی پارٹی نے دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات 2022کےلئے اپنی پہلی لسٹ جاری کردی ،جس میں کل 134پارٹی کارکنان کو ٹکٹ دیا گیا ہے ۔آپ کی پولٹیکل افیئرس کمیٹی (پی اے سی ) نے دہلی کے وزایر اعلیٰ اور آپ کے قومی کنوینر اروند کجریوال کی ہری جھنڈی مل جانے کے بعد پارٹی کے قومی سکریٹری پنکج گپتا کے دستخط لسٹ کو جاری کردیا گیا ۔اس پہلی لسٹ میں سابق کونسلر ،پارٹی تنظیم کے عہدیدار اور پارٹی کارکنان کو موقع دیا گیا ہے۔ اس لسٹ میںمسلم اکثریتی اسمبلی حلقوں سے کل 7 مسلم امید وار بھی شامل ہیں ۔عام آدمی پارٹی کی پہلی لسٹ میںمسلم اکثریتی حلقہ اوکھلاکے دو وارڈوںسے 2،بلیماران اسمبلی حلقہ کے دو وارڈوںسے 2،چاندنی چوک اسمبلی حلقہ کے ایک وارڈ ،مصطفی آباد اسمبلی حلقہ کے ایک وارڈ اور کراول نگر وارڈ سے ایک امید وار کو ٹکٹ دیا گیا ہے ۔حالانکہ ابھی مٹیا محل اسمبلی حلقہ اور سیلم پور اسمبلی حلقہ کے کسی بھی وارڈ سے امید وار کا نام اعلان نہیں کیا گیا ہے۔امید کی جا رہی ہے کہ مسلم اکثریتی وارڈوں سے آجکل میںہی دوسری /تیسری لسٹ میں ناموں کا اعلان کردیا جائے گا ۔
مسلم اکثریتی وارڈوں میں اوکھلا اسمبلی حلقہ کے تحت پانچ دو وارڈوںمیں سے صرف دو وارڈوں سے امید واروں کا اعلان کیا گیا ان میں ابو الفضل انکلیو وارڈنمبر188(جنرل ) سے سابق کونسلر عبدا لواجد خان اورذاکر نگر وارڈنمبر189(خاتون ) سے سلمہ خان کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔حالانکہ ذاکر نگر وارڈ پر کئی دعویدار تھے لیکن اعلیٰ کمان نے پارٹی کے سرگرم نوجوان کارکن عارز خان پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے ان کی اہلیہ کو ٹکٹ دیا ہے۔اسی طرح ابو الفضل انکلیو وارڈ پر کئی پارٹی کے سرگرم کارکن ٹکٹ مانگ رہے تھے لیکن اعلیٰ کمان نے اپنے سابق کونسلر پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے واجد خان کو ٹکٹ دیا گیا ۔بہر حال ابھی پارٹی نے سریتا وارڈ (خاتون )،مدن پور کھادر ایسٹ اور مدن پور کھادر ویسٹ سے امید واروں کے ناموں کا اعلان نہیں کیا ہے۔یہاں سے امانت اللہ خان ایم ایل اے ہیں جو دہلی وقف بورڈ کے چیئر مین بھی ہیں ۔چاندنی چوک اسمبلی حلقہ کے تحت جامع مسجد وارڈ 75نمبر(خاتون)سے سابق کونسلر سلطان آباد کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔حالانکہ جامع مسجد وا رڈ پر کئی دیگر پارٹی لیڈر ٹکٹ مانگ رہے تھے لیکن اعلیٰ کمان نے اپنی سابق کونسلر سلطان آباد پر ہی بھروسہ جتایا ہے۔بلی ماران اسمبلی حلقہ کے تحت بلیماران وارڈ نمبر79 سے سابق کونسلر محمد صادق اور وارڈ نمبر 81 قریش نگر سے شمیم بانوکو ٹکٹ دیا گیا ہے جبکہ یہاں سے سابق کونسلرشاہین قریشی کا ٹکٹ کاٹ دیا گیا ہے۔جبکہ بلیماران وارڈ پر اعلیٰ کمان نے اپنے سابق کونسلر پر ہی اعتماد ظاہر کیا ہے ۔یہاں سے ایم ایل اے عمران حسین ہیں جو سرکار میں وزیر بھی ہیں ۔ مٹیا محل اسمبلی حلقہ کے تین وارڈوں میں سے کسی پر ابھی امید واروں کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ یہاں کے ایک وارڈ سے مقامی ممبر اسمبلی حاجی شعیب اقبال کے بیٹے دہلی گیٹ سے کونسلر رہے آل محمد اقبال اپنے وارڈ کے خاتون کےلئے ریزروہونے پر کسی دیگر وارڈ سے ٹکٹ مانگ رہے ہیں ۔ مصطفی آباد اسمبلی حلقہ کے تحت مصطفی آباد وارڈ نمبر 243(خاتون )سے ڈاکٹر نصرین کو ٹکٹ دیا گیا ہے ۔حالانکہ مصطفی آباد وارڈ پارٹی کے سرگرم نوجوان لیڈر حاجی سلیم شاہدخان اپنی اہلیہ روبینہ خان کے لئے ٹکٹ مانگ رہے تھے لیکن اعلیٰ کمان نے ڈاکٹر نصرین پر اعتماد ظاہرکیا ،یہاں سے حاجی یونس ایم ایل اے ہیں ۔اسی طرح کراول نگر اسمبلی حلقہ کے تحت شری رام کالونی ورڈ نمبر 246(جنرل )سے عامل ملک کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ سیلم پور اسمبلی حلقہ کے تحت آنے والے وارڈوں سے بھی ابھی امید واروں کا اعلان نہیں کیا جاسکا ہے ۔یہاں سے آپ کے ایم ایل اے عبد الرحمن ہیں جو اپنی اہلیہ کو بھی ایک وارڈ سے ٹکٹ مانگ رہے ہیں ۔مانا جا رہا ہے کہ ایک دو دون میں باقی وارڈوں پر بھی پارٹی امید واروں کے نام کا اعلان کردے گی ۔کیونکہ پیر کو پرچہ نامزدگی کا آخری دن ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS