ماحولیاتی نقصان کے معاوضے کے لیے تاریخی معاہدے کا امکان : اقوام متحدہ

0

قاہرہ: (یواین آئی) مصر میں ماحولیاتی تبدیلی پر اقوام متحدہ کے اجلاس کوپ27 میں ایک تاریخی معاہدے کا امکان ہے مگر اس پر مذاکرات تاحال جاری ہیں۔بی بی سی رپورٹ کے مطابق مصری شہر شرم الشیخ میں دو ہفتوں سے جاری کانفرنس میں توسیع کی گئی جب جمعے تک کوئی معاہدہ طے نہ ہوسکا۔اس معاہدے میں سب سے بڑا سوال یہی رہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے متاثرہ ملکوں کو نقصان کا معاوضہ کون دے گا۔تاہم مذاکرات کاروں نے سنیچر کی شب بتایا کہ اس مسئلے کو بھی حل کر لیا گیا ہے تاہم اب تک کسی معاہدے کا اعلان نہیں ہوسکا۔میزبان ملک مصر نے کہا ہے کہ وہ چاہتا ہے کہ یہ معاہدہ رات سے قبل طے ہوجائے مگر مذاکرات کاروں نے صحافیوں کو بتایا کہ معاہدہ طے ہونے میں اب بھی کچھ وقت باقی ہے اور وہ ایک مزید لمبی رات کی تیاری کر رہے ہیں۔
عام طور پر ایسے اجلاس دیر تک چلتے ہیں مگر کوپ 27 سب سے زیادہ دیر تک چلنے والے اجلاسوں میں سے ایک بن گیا ہے۔ اس اجلاس میں قریب 200 ملکوں کے نمائندوں نے شرکت کی ہے۔ مذاکرات تب بھی جاری رہے جب سیاحوں کے لیے مشہور اس شہر میں اجلاس کے مقام کو بند کیا جانے لگا۔ اطلاعات کے مطابق کچھ ملکوں کے نمائندے واپس جا چکے ہیں۔
سب سے بڑا اختلاف اس سوال پر ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے متاثرہ ملکوں کے لیے قائم فنڈ میں نقصان کے معاوضے کے لیے پیسے کون دے گا۔ترقی پذیر ممالک کئی دہائیوں سے اس کا مطالبہ کر رہے ہیں۔اگر کوپ 27 میں یہ معاہدہ طے پا جاتا ہے تو یہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے متاثرہ ملکوں کے لیے تاریخی فتح ہوگی۔ جیسے پاکستان اور نائجیریا میں حالیہ سیلاب سے بہت نقصان ہوا ہے اور اس فنڈ سے ان کے نقصان کا ازالہ ہوسکتا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS