نئی دہلی (ایس این بی) : اردو ڈیولپمنٹ آگنائزیشن اور یونائٹیڈ مسلم آف انڈیا کے زیر اہتمام علامہ اقبال کے یوم پیدائش پر 9 نومبر کو عالمی یوم اردو کا انعقاد گزشتہ 25 سال سے تسلسل کے ساتھ کیا جا رہا ہے اور مختلف عظیم شخصیات کی حیات و خدمات پر ہر سال ایک یادگار مجلہ بھی شائع ہوتا ہے اور اس سال 2022 میں ’ابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سینٹر، جوگا بائی، نئی دہلی کے بانی اور متعدد تعلیمی اداروں کے مؤسس، معروف عالم دین اور دانشور مولانا عبد الحمید رحمانی (مرحوم) کی حیات و خدمات پر یادگار مجلے کا اجرا عمل میں آئے گا۔عالمی یوم اردو منتظمہ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر سید احمد خاں کے مطابق یہ پروگرام غالب اکیڈمی میں سہ پہر ساڑھے تین بجے شروع ہوگا۔ پروگرام کی صدارت عالمی شہرت یافتہ ماہر اقبالیات اور دہلی یونیورسٹی میں پروفیسر امریٹس پروفیسر عبد الحق کریں گے۔ اس موقع پر ’اردو زبان کو درپیش چیلنجز اور ان کا حل‘ کے عنوان پر مذاکرہ ہوگا جس میں دہلی و بیرون دہلی کی متعدد علمی شخصیات اظہار خیال کریں گی، خاص طور سے جسٹس این کے جین (چیئرمین، نیشنل کمیشن برائے تعلیمی ادارہ جات، حکومت ہند)، ڈاکٹر سیّد فاروق (چیئرمین، تسمیہ اکیڈمی)، پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین (سابق ڈائریکٹر، این سی پی یو ایل)، پروفیسر شیخ عقیل احمد (ڈائریکٹر، این سی پی یو ایل)، خواجہ شاہد (آئی اے ایس)، م افضل (سابق ممبر پارلیمنٹ)، ڈاکٹر لال بہادر، معصوم مرادآبادی، سہیل انجم، ماسٹر خالد شمس اور زاہد آزاد جھنڈانگری وغیرہ شامل ہیں۔ اس موقع پر 2درجن سے زائد شخصیات کو ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز اور سند اعزاز سے نوازا جائے گا۔
’عالمی یوم اردو‘کے موقع پر مولانا عبد الحمید رحمانی یادگار مجلہ کا اجرا آج
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS