برطانوی نژاد امریکی مصنف سلمان رشدی کے سرکی قیمت لاکھوں ڈالررکھنے کاالزام

0

واشنگٹن(یو این آئی) امریکہ نے ایرانی فاؤنڈیشن کے خلاف پابندیوں کا اعلان کیا ہے جس پر برطانوی نژاد امریکی مصنف سلمان رشدی کے سلسلے میں لاکھوں ڈالر کا انعام رکھنے کا الزام ہے ۔مسٹر رشدی پر اس سال اگست میں نیویارک میں ایک ادبی تقریب میں چاقو سے حملہ کیا گیا تھا۔ الجزیرہ نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ امریکی محکمہ خزانہ نے جمعہ کو 15خرداد فاؤنڈیشن کے خلاف پابندیوں کا اعلان کیا۔پابندیاں فاؤنڈیشن کے امریکہ میں مقیم کسی بھی اثاثے کو ضبط کرتی ہیں اور عام طور پر اس کے شہریوں کو اس کے ساتھ لین دین کرنے سے روکتی ہیں۔ محکمے نے ایک ریلیز میں کہاکہ فروری 1989میں آیت اللہ روح اللہ خمینی کے حکم سے مسٹر رشدی کو موت کی سزا سنانے کے بعد سے 15خرداد فاؤنڈیشن نے ان لوگوں کو لاکھوں ڈالر دیے ہیں جو اس واقعہ کا ارتکاب کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رشدی پر انعام دینے کے بعد سے 15خرداد فاؤنڈیشن نے مصنف کو نشانہ بنانے کے لیے انعام میں اضافہ کیا ہے۔ الجزیرہ نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے حوالے سے بتایا کہ اس فتوے کا مقصد دہشت گردی اور تشدد کو ہوا دینا، رشدی اور ان کے ساتھیوں کو قتل کرنا اور دوسروں کو ڈرانا تھا۔انہوں نے کہاکہ امریکہ اس قسم کی اشتعال انگیزی اور مسٹر رشدی پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہے اور اسے اظہار رائے کی آزادی پر ایک حملہ قرار دیتا ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران کے اس وقت کے سپریم لیڈر امام خمینی نے 1989میں مسٹر رشدی کی کتاب ’شیطانی آیات‘ کی اشاعت پر فتویٰ جاری کیا تھا۔ اس کتاب کو بعض مسلمانوں نے توہین رسالت سمجھا۔ ایرانی حکومت نے مسٹر رشدی کو قتل کرنے کا مطالبہ کرنے سے خود کو الگ کر لیا تھا۔ مسٹر رشدی نے برسوں تک اپنی ہلاکت کے خدشے کے پیش نظر چھپے رہے لیکن تہران نے ان کے قتل کا حکم کبھی واپس نہیں لیا۔مسٹر خمینی کے جانشین آیت اللہ علی خامنہ ای کو 2019 میں ٹویٹر سے معطل کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے مسٹر رشدی کے خلاف فتوے کو ناقابل واپسی قرار دیا تھا۔محکمہ خزانہ نے 15خرداد فاؤنڈیشن پر 1989میں مسٹر رشدی کے قتل کے لیے انعام کی پیشکش اور 2012میں اسے 3ملین ڈالر سے زیادہ کرنے کا الزام لگایا ہے۔ مسٹر رشدی پر مغربی نیو یارک کے چوٹاکوا انسٹی ٹیوشن میں چاقو سے حملہ کیا گیا۔ وہ یہاں تقریر کرنے والے تھے ۔ مسٹر رشدی حملے میں بچ گئے لیکن مبینہ طور پر ایک آنکھ اور ایک ہاتھ سے محروم ہو گئے ۔مسٹر رشدی پر حملہ کرنے والے 24سالہ ہادی ماتر نے قتل کی کوشش کے الزام میں قصوروار نہ ہونے کی استدعا کی ہے ۔ ملزم نے امام خمینی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر رشدی ایک ایسا شخص ہے جس نے اسلام اور مسلمانوں کے عقائد پر حملہ کیا ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS