گلین فلپس ٹی20 ورلڈکپ میں سنچری بنانے والے دسویں بلے باز

0

سڈنی (ایجنسیاں) :ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے 27 ویں میچ میں سری لنکا کے خلاف نیوزی لینڈ کا آغاز خراب رہا۔ صرف 15 کے اسکور پر کیوی ٹیم کے ٹاپ 3 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد ٹیم کے اسٹار بلے باز گلین فلپس نے قیادت سنبھالی اور ٹیم کی ڈگمگاتی اننگز کو سنبھالا۔ فلپس نے اس میچ میں اپنی دوسری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سنچری بھی بنائی۔ انہوں نے اس اننگز میں 64 گیندوں پر 104 رنز بنائے جس میں 10 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ یہ اس ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر دوسری سنچری ہے۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ کے ریلی روسو نے یہ حیرت انگیز کارنامہ انجام دیا تھا۔گلین فلپس اب ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سنچری بنانے والے 10ویں بلے باز بن گئے ہیں۔ اس فہرست میں کرس گیل سرفہرست ہیں جنہوں نے دو مرتبہ ایسا کیا اور وہ دو سنچریاں بنانے والے واحد بلے باز بھی ہیں۔ ان کے علاوہ جوس بٹلر، سریش رائنا، برینڈن میک کولم سمیت کل 10 کھلاڑی ایسا کر چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ مجموعی طور پر ورلڈ کپ کی 11ویں سنچری ہے۔ فلپس کے کیریئر کی بات کریں تو یہ ان کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر کی دوسری سنچری ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 2020 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 108 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS