جے للتا کی موت کی جانچ رپورٹ اسمبلی میں پیش

0

چنئی، (ایجنسیاں) تمل ناڈو کی سابق وزیر اعلیٰ جے جے للتا کی موت کے حالات کی جانچ کرنے والے ایک پینل نے ان کی معاون وی کے ششی کلا کو ذمہ دار ٹھہرایاہے۔2016 میں قائم جسٹس اے ارومگھ سوامی کمیشن آف انکوائری نے اپنے اختتامی تبصرے میں کہا کہ وی کے ششی کلا کی غلطی کو تلاش کرنا ہوگا۔ پینل نے تحقیقات کی سفارش کی ہے۔ تمل ناڈو حکومت نے جے للتا کی موت اور 2018 میں تھوتھکوڈی میں پولیس فائرنگ کے حالات کی تحقیقات کرنے والے الگ الگ کمیشنوں کی رپورٹیں اسمبلی میں پیش کیں۔ پینل نے دوسروں کے ساتھ ششی کلا کا نام بھی لیا ہے۔ جسٹس ارونا جگدیشن کمیشن آف انکوائری نے 2018 میں تھوتھکوڈی میں اسٹرلائٹ مخالف مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ کی تحقیقات کی۔ اس حادثے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے۔ کمیشن نے اس کےلئے پولیس افسران کو مورد الزام ٹھہرایا ہے۔قبل ازیں 27 اگست کو کمیشن نے اپنی رپورٹ وزیراعلی ایم کے اسٹالن کو سونپی تھی۔ رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ ڈی ایم کی قیادت والی حکومت ششی کلا، سابق چیف سکریٹری رام موہن راو¿، سابق وزیر صحت سی وجے بھاسکر اور چند دیگر افراد کی جانچ کرے۔ریاستی کابینہ نے 600 صفحات پر مشتمل رپورٹ پر بحث کی اور فیصلہ کیا کہ وہ سفارشات کے سلسلے میں قانونی ماہرین سے مشورہ کرے گی۔ ڈی ایم کے نے اپنے انتخابی منشور میں وعدہ کیا تھا کہ وہ جے للتا کی موت کی حقیقت سامنے لائے گی۔واضح رہے کہ جے للتا کو 22 ستمبر 2016 کو چنئی کے اپولو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کی موت 5 دسمبر کو ہوئی تھی ۔ تقریباً 75 دنوں تک ان کا علاج کیا گیا۔ 30 نومبر 2021 کو سپریم کورٹ نے اپولو اسپتال کی درخواست سے اتفاق کیا، جس میں ایمس کو ارومگھ سوامی کمیشن کی مدد کے لیے ایک میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت دی گئی۔ ارومگھ سوامی کمیشن 2017 میں تشکیل دیا گیا تھا، اس کی مدت میں 24 اگست تک ایک اور توسیع ملی۔ 20 اگست کو ایمس کے میڈیکل بورڈ نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ جے للتا کو مناسب طبی علاج دیا گیا تھا اور ان کے علاج میں کوئی غلطی نہیں تھی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS