سعودی عرب:قومی دن پر ملک کے سبھی شہروں میں تقریبات کا آغاز

0

سعودی عرب کے 92 ویں یوم الوطنی کی مناسبت سے ملک بھر میں مختلف تقریبات کا آغاز ہوچکا ہے جو 24 ستمبر تک جاری رہیں گے۔سبق ویب سائٹ کے مطابق تمام شہروں کے پبلک مقامات میں 12 سے زیادہ تقریبات منعقد جاری ہیں۔تقریبات منعقد کرنے والی کمیٹی نے کہا ہے کہ ’تمام شہروں میں سماجی و تفریحی اور ثقافتی تقریبات کے علاوہ یوم الوطنی کے ضمن میں کئی ایونٹ جاری ہیں جن کا مقصد اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے‘۔مختلف شہروں میں سعودی ثقافت پر مبنی روایتی گانے اور رقص کے علاوہ لوکل روایات بھی تقریبات کا حصہ ہیں۔مختلف شہروں میں کئی طائفے اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے علاوہ ازیں روزانہ 3 تفریحی شو بھی منعقد ہوں گے۔کمیٹی نے کہا ہے کہ قومی تقریبات ریاض کے غراسی پارک، جدہ میں پرنس ماجد پارک، دمام میں کنگ عبد اللہ پارک، بریدہ میں کنگ خالد پارک، تبوک میں پرنس فہد پارک اور دیگر شہروں میں مختلف قومی پارکوں میں ہوں گے۔
طائف میں رنگا رنگ تقریبات
سعودی عرب میں طائف اور اس کے باشندے ہر برس کی طرح اس سال بھی یوم وطنی پرعوامی ملبوسات، لوک ورثے، دستی مصنوعات اور انواع و اقسام کے آرٹ کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق طائف کے عوامی رقص مملکت بھر میں مشہور ہیں۔ طائف کے باشندے مہمانوں کا استقبال خاص انداز سے کرتے ہیں۔ اس موقع پرعوامی رقص بھی ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ رقص میں شامل ٹیمیں مکالمے کرتی ہیں۔ قومی تقریبات کا استقبال خاص انداز سے کیا جاتا ہے۔ طائف اس حوالے سے قدیم پہچان رکھتا ہے۔یوم وطنی پر طائف کے باشندے تاریخی مقامات کی سیر کے لیے نکلتے ہیں۔ یہاں 43 ایسے مقامات ہیں جو پورے ملک میں مشہور ہیں۔ ان میں شبرا محل، الحدید محل، الکعکی محل، البوقری محل، الدھلوی محل، القامہ محل اور طائفی فن تعمیر کی نمائندہ تاریخی عمارتیں دیکھنے سے تعلق رکھتی ہیں۔یہاں آنے والے ان محلوں اورعمارتوں کے اندر اور باہر یادگاری تصاویر بناتے ہیں۔ طائف روایتی دستی مصنوعات کے لیے بھی مشہور ہے۔ یہاں کے مرد و خواتین نقش و نگاری اور پھول بوٹے بنانے میں ماہر ہیں۔ مورخ عیسٰی القصیر کہتے ہیں کہ طائف میں 154 تاریخی اشیا ہیں۔ 43 تاریخی مقامات ہیں اور 180 دستی مصنوعات مشہور ہیں۔طائف مکہ مکرمہ ریجن کی چوتھی بڑی کمشنری ہے, اسے حرم مکی کا مشرقی گیٹ بھی کہا جاتا ہے اور یہ پرفضا مقام ہے۔ مملکت کے اندر اور باہر کے لوگ سیاحت کے لیے یہاں کا رخ کرتے ہیں۔ قدرتی مناظر سے مالا مال ہے۔ اس کی وادیاں، ڈیم، جنگل اور 26 تاریخی چشمے دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہاں کے گلاب، انگور، انار بے حد مشہور ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS